پاکستان عوامی تحریک پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں کئے گئے اضافے کو مسترد کرتی ہے، ساجد بھٹی
پٹرول، بجلی کے نرخوں میں اضافے اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل سے نجات کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے
کب تک قرض کی مے پی جاتی رہے گی، ایسی پالیسیاں تشکیل دینا ہوں گی جس سے بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ماحول ساز گار بنے
ساجد محمود بھٹی کی پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں گفتگو
پٹرول، بجلی کے نرخوں میں اضافے، لوڈ شیڈنگ، معاشی بحران، دہشت گردی، انتہا پسندانہ رویے، قتل و غارت گری، مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی کمیابی جیسے مسائل سے نجات کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ غیرو ں پر انحصار کی بجائے ملک کو اقتصادی گرداب سے نکالنے کیلئے ایسی پالیسیاں تشکیل دینا ہوں گی جس سے ملک میں امن و امان قائم ہو اور بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ماحول ساز گار بنے۔ آخرکب تک قرض کی مے پی جاتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستا ن عوامی تحریک کے سیکرٹری کوارڈنیشن ساجد محمود بھٹی نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ باصلاحیت دماغ اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کی بیرون ملک منتقلی تشویش ناک ہے اور اس کی روک تھام کیلئے انتہائی سوچ بچار کے بعد مربوط پالیسیاں بنانا ہوں گی تاکہ وطن عزیز آئے روز کے ایسے صدمات سے محفوظ ہوکر معاشی استحکام کا سفر شروع کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ اغیار کی معاشی غلامی سے نجات حاصل کرنے کیلئے کفائت شعاری کو قومی مزاج بنانا ہوگا اور عیاشی کے کلچر کو فوری طور پر ختم کرنا ہوگا۔ غیر ضروری پر تعیش اخراجات سے وہ ملک بھی اجتناب کرتے ہیں جن کی معیشت بہت زیادہ مضبوط ہے۔ پاکستان جیسا ملک تو ایسی عیاشیوں کا قطعاً متحمل نہیں ہوسکتا جو عرصہ دراز سے جاری و ساری ہیں۔ اس لیئے حکومتی سطح پر کفائت شعاری کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی اور تیل کی قیمتوں میں بے جا اضافہ کر کے عوام پر بوجھ ڈالا گیا ہے۔ فوری طور پر بجلی اور پٹرولیم مصنوعات میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جا ئے۔ پاکستان عوامی تحریک پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں کئے گئے اضافے کو مسترد کرتی ہے۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں بشارت عزیز جسپال، جی ایم ملک، جواد حامد، چوہدری افضل گجر، حافظ غلام فرید ودیگر نے بھی شرکت کی۔
تبصرہ