شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا منہاج کالج برائے خواتین میں تربیتی نشت سے خطاب

مورخہ: 25 مارچ 2013ء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری 25 مارچ 2013 کو منہاج کالج برائے خواتین (بغداد ٹاؤن، ٹاؤن شپ) تشریف لائے۔ جہاں آپ کو انتظامیہ نے خوش آمدید کہا۔ کالج کے مصطفوی ہال میں بزم منہاج کے زیراہتمام تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں شیخ الاسلام نے خصوصی گفتگو کی۔ اس نشست کا مقصد طالبات کو عصر حاضر کے ساتھ ہم آہنگ کرنے، دینی تقاضون کو پورا کرنے اور طالبات کی روحانی تربیت کرنا تھا۔ طالبات کے علاوہ کالج کی اساتذہ کرام اور اسٹاف ممبران بھی نشست میں موجود تھیں۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جسکی سعادت حافظہ سائرہ مقصود (بی ایس 6) نے حاصل کی۔ اس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔

تربیتی نشست میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی دنیا میں آمد کا کوئی نہ کوئی مقصد ہے۔ اللہ تعالیٰ کی اطاعت، بندگی کے ساتھ زندگی گزارنا بھی اسی مقصد میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مادی دور میں اپنی زندگی کا مقصد متعین کرنا بھی کامیابی ہے۔ بالخصوص اسلام کے مطابق زندگی گزارنا دنیا و آخرت میں کامرانی کا سبب ہے۔ اس حوالے سے طالبات اپنی شخصیت میں زہد و ورع، تقویٰ، عبادت، اخلاص، اخلاق اور للہیت کوشامل کریں۔ اپنے دلوں کو رضائے الہی، محبت الہی اور اللہ کے نور سے بھر لیں۔ دنیوی و اخروی کامیابی و نجات اسی میں ہے۔

نشست میں شیخ الاسلام نے طالبات کے لیے جدید ترین عصری اور دینی تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت کے پیش نظر کالج میں درس و تدریس کے نیا تعلیمی شیڈول مرتب کرنے کی بھی ہدایت فرمائی۔ اس کے ساتھ آپ نے کالج اور ہاسٹل کے نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانے کے لئے نئے ضابطہ کارکے نفاذ کی منظوری دی اور طالبات کی رضامندی کے ساتھ اسے فوری نافذ العمل قرار دیا۔

اس سے پہلے کالج آمد پر آپ نے جدید سہولیات سے آراستہ کمپیوٹر لیب، ملٹی میڈیا کلاس روم، اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (لائبریری) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر آپ نے لیب کے انتظام و انصرام اور نئی سہولیات کو سراہتے ہوئے کالج انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ آپ نے جدید تعلیمی تقاضوں کی بہتر انجام دہی کے حوالے سے منتظمین کو چند ضروری ہدایات بھی دیں۔

آخر پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی دعا بھی کرائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top