جماعت ضرور ہوگی، کارکن نمازیوں کے لئے صفیں بچھانے کی تیار ی تیز کر دیں۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری

نظام کی تبدیلی کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹانا کارکنوں پر فرض ہے
بیرونی قرضوں کی آکسیجن ملک و قوم کو تنزلی کی پاتال کی طرف لے جا رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ جماعت ضرور ہوگی، کارکن نمازیوں کے لئے صفیں بچھانے کی تیاری تیز کر دیں۔ لانگ مارچ کی اذان ہو چکی، انتخابی نتائج قوم کے سامنے حقائق کو آشکار کر چکے۔ کرپٹ نظام کے ہوتے کبھی تبدیلی نہ آسکے گی یہ عوام پر واضح ہو چکا ہے۔ اسلئے پاکستان عوامی تحریک کے کارکن زمین پر اپنا کام تیز کر دیں۔ نظام کی تبدیلی کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹانا کارکنوں پر فرض ہے۔ قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کا پاکستان بنا کر دم لیں گے۔ ملکی معیشت کو بیرونی قرضوں کی آکسیجن سے چلانے کی پالیسی ملک و قوم کو تنزلی کی پاتال کی طرف لے جا رہی ہے۔

وہ پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی ادارے جن شرائط پر قرض دیتے ہیں اس نے عوام سے جینے کاحق بھی چھین لیاہے۔ اشیائے خورد و نوش تک کی قیمتوں کا کنٹرول عالمی مالیاتی اداروں کے پاس چلا گیا ہے۔ پاکستان کی معیشیت کوسنبھالا دینے کے لئے ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو ملک و قوم کے مفاد پر رائی کے دانے کے برابر بھی سمجھوتہ نہ کرے۔ ملک کے بہترین مفاد میں پالیسی صرف وہی قیادت وضع کرسکتی ہے جس نے عوام کو خوشحال، ملک کو معاشی اور سیاسی طور پر باوقار بنانے کا عزم مصمم کر رکھا ہو۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کرپٹ نظام انتخابات کبھی اہل قیادت کو نظم ونسق سنبھالنے کا موقع نہیں دے گا۔ معاشی استحکام کے لئے ضروری ہے کہ استحصالی اور کرپٹ نظام انتخاب کو اس کی جڑوں سمیت سیاست سے باہر پھینکا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top