موجودہ استحصالی نظام مخصوص طبقے کو ہی اقتدار میں لاتا ہے۔ بشارت عزیز جسپال
ظالمانہ نظام اور طبقہ سے جان چھڑانے کے لیے عوام ڈاکٹر طاہرالقادری
کا ساتھ دیں
پاکستان کے موجودہ نظام کے تحت 18 کروڑ عوام کو کچھ نہیں ملے گا
پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا موجودہ استحصالی نظام ایک مخصوص طبقہ کو ہی اقتدار میں لاتا ہے جس کا ایجنڈا صرف اقتدار، کاروبار اور لوٹ مار ہوتا ہے۔ حکمران ٹولہ کے قبضہ قدرت میں پورا ملک، قانون، ادارے، وسائل اور قوم کی تقدیر ہوتی ہے اس ظالمانہ نظام اور طبقہ سے جان چھڑانے کے لئے عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دیں۔ قوم ذہن نشین کر لے کہ پاکستان کے موجودہ نظام کے تحت 18 کروڑ عوام کو کچھ نہیں ملے گا، کیونکہ ہمارے حکمرانوں کا اقتدار میں آنے کا ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ وہ حکومت میں آئیں اور ان کے لیے پوری دنیا میں کاروباری مواقع کھل جائیں اور ان کی لوٹ مار میں کوئی رکاوٹ نہ بن سکے۔ اگران کا یہ ایجنڈا پورا ہوتا رہے تو اس کو تمام سیاسی جماعتیں جمہوریت کہہ کر عوام کو بے وقوف بناتی رہتی ہیں۔
بشارت جسپال نے کہا کہ عوام جس کو الیکشن میں سیاسی لیڈر سہانے خواب دکھا کر ووٹ حاصل کرتے ہیں وہ ان کروڑوں افراد کی بھلائی اور بہتری کا کوئی پروگرام شروع نہیں کرتے۔ بدقسمتی سے پاکستان کی عوام گزشتہ 65 سالوں سے دو سو خاندانوں کو اپنے خون پسینے سے پال رہی ہے جن کا کام صرف یہ ہے کہ الیکشن کے موقع پر ووٹ دیں اور اپنی قسمت پر روتے رہیں۔ حکمرانوں کے نزدیک 18 کروڑ عوام، اس کے حقوق، قانون اور ملکی مفادات کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام گھروں میں بیٹھے رہنے کی بجائے تبدیلی کیلئے، اپنے حقوق کے تحفظ اور ملک بچانے کیلئے باہر نکلیں اور پاکستان عوامی تحریک کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت کا حصہ بنیں۔
تبصرہ