جان کیری سے ملاقات میں وزیر اعظم کا ڈرون حملوںاور دیگر معاملات پر اتفاق پہلے سے ہو چکا تھا۔ سردار منصور خان
وزیراعظم نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا
ملاقات صرف فوٹوسیشن ثابت ہوا
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان نے کہا ہے کہ اوبامہ سے ملاقات سے قبل جان کیری سے وزیر اعظم کی ملاقات میں معاملات طے پا چکے تھے، وزیر اعظم نے ڈرون حملوں پر اتفاق بھی پہلے سے کر لیا تھا، مگر میڈیا اور عوام کو دھوکہ دینے اور فیس سیونگ کیلئے حکومت ڈرون حملے بند کرنے کا واویلا مچاتی رہے گی۔ جان کیری سے ملاقات میں 15 بڑے قومی اداروں کی نج کاری پر حکومت رضا مند ہو چکی ہے۔ وزیر اعظم امریکہ کی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کو آئی ایس آئی سے بالا یکطرفہ معلومات دینے پر بھی رضا مند ہوچکے ہیں۔ اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میڈیا سیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فاروق بٹ، غضنفر کھوکھر، اختر راجہ، غلام علی خان اور دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پوری قوم کے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں، جان کیری سے ملاقات میں وزیر اعظم نے تسلیم کر لیا کہ امریکی منشاء کے مطابق پالیسیاں جاری رہیں گی۔ بیرونی طاقتوں کے دبائو پر ایران کے ساتھ معاہدوں پر زور نہیں دیا جائے گا۔ طالبان کے وہ گروپ جو پرو امریکہ ہیں سے مذاکرات کئے جائیں گے۔
تبصرہ