29 دسمبر کو مہنگائی، کرپشن اور لا قانونیت کے خلاف تاریخی عوامی احتجاج کیا جائے گا۔ راضیہ نوید

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ راضیہ نوید نے کہا ہے کہ عوام کے مقدر کو مستقل اندھیرے دینے والے مقتدر طبقے کی لوٹ مار عروج کو پہنچ چکی ہے۔ نام نہاد الیکشن کے بعد مقتدر طبقے نے عوام کو مایوسی اور عدم تحفظ کے سوا کچھ نہیں دیا۔ موجودہ عوام دشمن نظام انتخاب کے تحت اقتدار میں آنے والوں نے عوام کے حقوق سے کھیلنے کا آئینی حق لے لیا ہے۔ 11مئی کے الیکشن میں چند خاندانوں کے درمیان سلیکشن کا کھیل کھیلا گیا اور اس کھیل میں مجبور عوام کو فٹ بال کے طور پر استعمال کیا گیا۔ 29 دسمبر کو حوا کی بیٹیاں اور ساری قوم موجودہ نظام انتخاب کو رد کر کے ملک کے دو فی صد مقتدر طبقے کو سبق سکھانے کا عہد کر لے تو ملک و قوم کی خوشحالی کا سفر شروع ہو جائے گا۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ جبکہ اس موقع پر عائشہ شبیر، شاکرہ چوہدری، کلثوم طفیل، نبیلہ ظہیر اور مدثرہ جعفر و دیگر بھی موجود تھیں۔

راضیہ نوید نے کہا کہ 29 دسمبر کو مہنگائی، کرپشن اور لا قانونیت کے خلاف تاریخی عوامی احتجاج کیا جائے گا۔ لاہور کی سڑکیں ایک نئی تاریخ کی امین بن جائیں گی۔ 29 دسمبر کی ریلی نے منہاج القرآن ویمن لیگ اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ انتخابی نظام اندھیری کوٹھڑی کی مانند ہے جو خوشحالی کے سورج اور عوام کے درمیان حائل ہے۔ عوام 29 دسمبر کو لاکھوں کی تعداد میں احتجاج میں شامل ہو کر اس اندھیری کوٹھڑی سے نجات کیلئے منظم کوشش کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top