ہمیں اپنی زندگیوں میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اس حد تک داخل کرنا ہے کہ دنیا کی ہر محبت فنا ہو جائے: شیخ زاہد فیاض

مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں 70 انتظامی کمیٹیا ں تشکیل دے دی گئی ہیں
عالمی میلا دکانفرنس سے شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری خصو صی خطاب کریں گے
شیخ زاہد فیاض کی عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن لاہور کے کارکنوں سے گفتگو

عالمی میلاد کانفرنس 2014ء کے سر براہ شیخ زاہد فیاض نے مینار پاکستان پر ہونے والی عالم اسلام کی سب سے بڑی سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن لاہور کے کارکنان اور انتظامی کمیٹیوں کے ایک اہم اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امت کو نعمت اسلام اور معرفت الہیٰ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے صدقے ملی ہے اور الحمد سے والناس تک پورا قرآن آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اخلاق ہے اور سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سب سے اعلیٰ کتاب قرآن ہے جو غیر مخلوق ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کی آیات کی شکل میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نفسی اخلاق مٹائے گئے اور اخلاق الہیہ کے رنگ چڑھائے گئے اس طرح خلق محمدی صفات الہیٰ میں فنا ہوگیا، اسلام دین رحمت، مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیغمبر رحمت اور قرآن کتاب رحمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محبت اور عشق ایمان کی متاع ہے ہمیں اپنی زندگیوں میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اس حد تک داخل کرنا ہے کہ دنیا کی ہر محبت فنا ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ اپنی زندگی میں شامل ہر خرابی کو ختم کرنا چا ہتی ہے تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کا پٹہ اپنے گلے میں ڈال لے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور کے کار کن زیادہ محنت اور کوشش کریں کیونکہ آپ اس عالمی میلاد کانفرنس کے میزبان ہیں۔ انہوں نے انتظامی کمیٹیوں کو ہدایت دی کہ عالمی میلاد کانفرنس میں پنڈال کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا جائے، کائنات کا وجود بھی آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کا مرہون منت ہے۔ اسلئیے امت کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی ایسے انداز میں منانا چاہیے کہ پوری دنیا میں اس کی دھوم مچ جائے۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ مخلوق آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد منانے کا حق ادا نہیں کر سکتی۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد خود خدا نے منایا ہے۔ اسلئے ہمیں بھی اپنی تمام خوشیوں سے بڑھ کر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خو شی منانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں دین کی تجدید کی خدمت انجام دے رہی ہے اور ایسے عظیم علمی کام کو تجدیدی تحریکیں ہی انجام دے سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا سال گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانے والا درود اور اب تک جو اربوں کی تعداد میں ہے وہ درود آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عالمی میلاد کانفرنس میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کامیلاد شایان شان طریقے سے منانے کا اہتمام کرتی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی زندگی آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور اسلام کی حقیقی فکر کو پھیلانے میں صرف کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوعالمی جشن کے طور پر منائے گی۔ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی مناناہر مسلمان پر فرض ہے۔ دنیا میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت سے بڑی کوئی خوشی نہیں۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ کانفرنس میں ملک بھر سے علماء کرام، مشائخ عظام، قرات و نعت خوان حضرات اور عالم اسلام کی مقتدر مذہبی شخصیات خصو صی شر کت کریں گی۔ عالمی میلاد کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری خصو صی خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں اور اس سلسلے میں 70 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ سیکورٹی کے انتظامات کے لیے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے پانچ ہزار نوجوانوں پر مشتمل سکواڈ خدمات سر انجام دے گا۔ عالمی میلاد کانفرنس کو دنیا بھر میں مختلف ٹی وی چینلز براہِ راست دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں صرف لاہور سے لاکھوں افراد شر کت کریں گے۔ میلاد کا سماں پیدا کرنے کیلئے عوام الناس کو بھی اس مہم میں شامل کیا جا رہا ہے۔ مینار پاکستان میں داخل ہونے والے قافلو ں کی رہنمائی کیلئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائینگے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top