یوم انقلاب کی تاریخ کو بدلنا نا ممکن، قوم انتظار کرے تاریخ کا اعلان جلد ہو گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ان کے اقتدار کی موت نوشتہ دیوار ہے
پنجاب کے نمرود کیلئے تو ایک مچھر ہی کافی ہے
انقلاب 20 کروڑ عوام کی آواز ہے اور یہ آ کر رہے گا
14 شہیدوں کا خون پکار پکار کر کہہ رہا ہے کہ وقت کے ہٹلر اور مسو لینی کو خون کے ایک ایک قطرے کا قصاص دینا ہو گا
غریبوں کو حقوق دینے والے 40 آرٹیکل معطل ہیں، حکمرانوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے
قوم انقلاب کی تیاری کرے لٹیروں کو اب جدہ یا کسی اور ملک میں جگہ نہیں ملے گی

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ یوم انقلاب کی تاریخ کو بدلنا نا ممکن ہو گا۔ قوم انتظار کرے تاریخ کا اعلان جلد ہو گا۔ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ان کے اقتدار کی موت نوشتہ دیوار ہے۔ انقلاب کی کال کے بعد لٹیرے اقتدار کے ایوانوں سے باہر ہوں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے تھانوں کا ریکارڈ بد لا جارہا ہے سب جانتے ہیں ایسا پنجاب کے چھوٹے نمرود کے حکم پر ہو رہا ہے۔ پنجاب کے نمرود کیلئے تو ایک مچھر ہی کافی ہے۔ حکومت بوکھلا کر باہر سے پیسہ آنے کی چھان بین پر لگی ہے۔ قوم حکمرانوں سے سوال کرتی ہے بیرون ملک سے پیسہ پاکستان لانا جرم ہے یا ملکی دولت لوٹ کر باہر لے جانا جرم ہے؟۔ FBR اور IB اس قومی جرم پر متحرک کیوں نہیں ہوتے۔ وہ راولپنڈی سے آئے ہوئے PAT کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کیا 14 لاشیں گرانا اور 100 افراد کو گولیوں سے چھلنی کرنا جمہوریت ہے؟کیا آئین پاکستان شہریوں کے قتل عام کی اجازت دیتا ہے۔ کیا آئین کہتا ہے کہ مقتولوں کی FIR نہ کاٹی جائے ؟ وزیر اعلیٰ پنجاب محض اخلاقی طور پر بھی مستعفیٰ نہیں ہوئے۔ غریبوں کو حقوق دینے والے 40 آرٹیکل معطل ہیں، حکمرانوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ انقلاب 20 کروڑ عوام کی آواز ہے اور یہ آ کر رہے گا۔ 14 شہیدوں کا خون پکار پکار کر کہہ رہا ہے کہ وقت کے ہٹلر اور مسو لینی کو خون کے ایک ایک قطرے کا قصاص دینا ہو گا۔ معصوم لوگوں کی لاشیں گرا کر یہ اقتدار بچا نہیں سکتے۔ غریبوں کے محلے اجاڑنے والے اپنے محلات کو ہر گز نہ بچا سکیں گے۔ قوم انقلاب کی تیاری کرے لٹیروں کو اب جدہ یا کسی اور ملک میں جگہ نہیں ملے گی اب یہ رائے ونڈ محل سے سیدھے جیل جائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top