اسلام انسانی حقوق اور جان و مال کے تحفظ پر زور دیتا ہے: صاحبزادہ فیض الرحمن درانی

بے گناہ خون بہانے اور دوسروں کا مال لوٹنے والے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جنگ کررہے ہیں
تاریخ عالم میں انسانی حقوق کا تصور اسلام اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیا، امیر تحریک منہاج القرآن

لاہور (11 نومبر 2016) امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے جامع المنہاج میں جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ عالم میں انسانی حقوق کا تصور اسلام اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیا۔ زندگی حقوق و فرائض سے عبارت ہے۔ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خوش کرنے کیلئے انسانی حقوق کا احترام کیا جائے۔ اسی میں فلاح اور نجات ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزت وجان و مال کا تحفظ بنیادی انسانی حقوق کے اہم جزو اور تقاضے ہیں۔ اسلام انسانی جان کی حرمت اور دوسروں کے مال کے تحفظ اور احترام پر زور دیتا ہے اور بے گناہ انسانی خون بہانے والوں اور ڈاکہ زنی کے جرم کاارتکاب کرنے والوں کے بارے میں قرآن کہتا ہے کہ وہ اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کرتے ہیں۔ بے گناہوں کو قتل کرنے والوں اور ڈاکے ڈالنے والوں کے بارے میں بڑی سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ ان میں پھانسی دینے، ہاتھ پاؤں کاٹنے، ملک بدر کیے جانے اور قید کر دئیے جانے کی سزائیں ہیں اور ایسے عناصر کے لیے آخرت میں بھی بڑے عذاب کی وعید ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بے گناہ انسانی خون بہہ رہا ہے۔ بھائی بھائی کا ناحق خون بہارہا ہے اور ہماری نظریں ایک دوسرے کے مال پر ہیں۔ ڈاکہ زنی کا جرم عام ہے۔ یہ سب جرائم اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناراضگی کا سبب ہیں۔ جو قوم اللہ اور اس کے رسول سے جنگ پر بضد ہو وہ قدرتی آفات اور اللہ کے غضب سے کیسے بچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلامیان پاکستان دو بڑے عذابوں سے دو چار ہیں۔ ایک تو ہم انسانیت کے خلاف جرم کرنے والا معاشرہ بن کر رہ گئے ہیں۔ دوئم ہماری حکومتیں اور سرکاری عمال رشوت، کرپشن کی لت میں اس حد تک ملوث ہو چکے ہیں کہ جرم کو پنپنے کا موقع مل رہا ہے۔ کرپٹ عناصر رشوت لے کر مجرموں کو تحفظ دے رہے ہیں جس سے ناانصافی اور حق تلفی بڑھ رہی ہے۔ یہ تباہی اور بربادی کی علامتیں ہیں۔ ایسے منفی رویوں سے معاشرے تخریبی عمل اور ٹوٹ پھوٹ سے دو چار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناراضگی سے بچیں۔ ایک دوسرے کی جان و مال و عزت اور حقوق و فرائض کا خیال رکھیں۔ انسانی حقوق کی پاسداری میں ہی اللہ کی خوشنودی اور اس کے انعامات ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top