کرپشن کی دھند میں آئین وقانون کی کریش لینڈنگ ہوتی رہے گی: ڈاکٹر طاہرالقادری

غالب امکان ہے جنوری میں پانامہ کیس کی باضابطہ تدفین ہو جائے گی
ہماری احتجاجی جدوجہد کا ’’نیوکلس‘‘ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ہے، کنونشن سے خطاب
حکمران بچ گئے تو ملک کا نقصان ہو گا، شاندار خدمات پر خرم نواز گنڈا پور کیلئے گولڈ میڈل کا اعلان
پانامہ کیس میں مصروف وزیراعظم کے پاس قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے وقت نہیں

لاہور (9 دسمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوامی تحریک پنجاب کے ضلعی صدور، ناظمین و عہدیداران کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جب تک کرپشن کی دھند ہے آئین، قانون وجمہوری اخلاقیات کی کریش لینڈنگ ہوتی رہے گی۔ ادارے کمزور مقتدر مافیا مضبوط ہے۔ 7 ماہ میں پانامہ لیکس پر روزانہ بریفننگ لینے والے وزیر اعظم بتائیں قومی ایکشن پلان، سرل لیکس کی تحقیقات کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے کتنے اجلاس منعقد کئے؟ ملک اور عوام کو دہشتگردی کے عفریت میں مبتلا چھوڑ کر حکمران لوٹ مار کی دولت بچانے کے کام پر لگ گئے۔ موجودہ حکمران بچ گئے تو ملک کا بہت نقصان ہو گا، سرل لیکس کا سائیڈ پر کر دیا جانیوالا کردار ایک بار پھر نمودار ہو رہا ہے، یہی کھیل سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ایک کردار وزیر قانون پنجاب کے حوالے سے بھی کھیلا گیا تھا۔ حکمران ملک، قوم اور سلامتی کے اداروں سے کھیل کھیل رہے ہیں۔ غالب امکان ہے جنوری میں پانامہ کیس کی باضابطہ تدفین ہو جائے گی اور یہ کرپشن کنگز کیلئے نئے سال کا تحفہ ہو گا، میں نے اپنے دورہ مراکش کے موقع پر اناللہ و انا الیہ راجعون کا جو تبصرہ کیا تھا اسکی سمجھ سب کو آجائے گی۔ کرپشن ہو یا قومی سلامتی کا تحفظ، فکس میچ کھیلے گئے۔ نواز شریف کی حکومت پانامہ اور سرل لیکس کے دباؤ سے نکلی تو کنٹرول لائن کی صورتحال بھی کنٹرول میں آ گئی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن پاکستان کو لٹیروں کے چنگل سے آزاد کروانے کیلئے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھے گا، ہماری احتجاجی جدوجہد کا ’’نیوکلس‘‘ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ہے۔ کنونشن میں لاہور، بہاولپور، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، ملتان، راولپنڈی اور ساہیوال ڈویژن کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے تحریک کیلئے بے مثال جدوجہد کرنے پر خرم نواز گنڈا پور کیلئے گولڈ میڈل کا اعلان کیا اس کے علاوہ شاندار تنظیمی، تحریکی خدمات پراحمد نواز انجم، سردار شاکر مزاری، رفیق نجم، رانا ادریس کیلئے بھی گولڈ میڈل کا اعلان کیا۔ سربراہ عوامی تحریک نے تنویر خان کو کوآرڈینیشن کے حوالے سے متحرک کردار ادا کرنے پر شاباش دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top