آئرلینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام غوث الوریٰ (رض) کانفرنس

ڈبلن: منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام گیارہویں شریف کے سلسلہ میں سالانہ غوث الوریٰ رضی اللہ عنہ کانفرنس کا انعقاد علامہ محمد شہزاد عاشق قادری کی رہائش گاہ مونٹراٹ (Mountrath) میں ہوا۔ کانفرنس میں منہا ج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے عہدیداران، رفقاء اور کارکنان نے شرکت کی۔

کانفرنس کے آغاز سے قبل حلقہ درود و سلام کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے اجتماعی طور پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ کانفرنس کا آغاز حافظ قاری تنویر حسین نے تلاوت قرآنِ مجید سے کیا۔ مرزا رضوان بیگ، فرقان اسلم، حافظ قاری تنویر حسین، ڈاکٹر گلزار احمد اور برطانیہ کے معروف ثناء خوانِ مصطفیٰ صوفی اظہر بٹ نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ وسیم بٹ نے جبکہ نقابت کے فرائض ادا کیے۔

کانفرنس سے منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے امیر علامہ محمد عدیل اور شہزاد عاشق قادری نے خطاب کرتے ہوئے اولیاء اللہ کے مناقب پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی کے محبوب اور مقرب بندوں اور ان کے احوال و مقامات کا ذکر کرنا سنتِ الٰہیہ ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ تم میرا ذکر کرو، میں تمہارا ذکر کرو نگا اور میرا شکر بجا لاؤ۔ اللہ کے محبوب بندوں کا تذکرہ کرنے کا مقصد راہِ حق کے طالبوں کے احوال کو جاننا ہے تاکہ ذکر کرنے اور سننے والوں کے دل بھی اسی حال کی طرف راغب ہوں۔ کانفرنس کے اختتام پر صوفی اظہر بٹ نے دعا کرائی اور لنگر غوثیہ سے شرکاء کی تواضع کی گئی۔

رپورٹ: فرخ وسیم بٹ (آئرلینڈ)
00353876302507
wasimbutt@live.ie

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top