انتہا پسندانہ رویوں کو بدلنے کیلئے تعلیمی نصاب بدلنا ہو گا : ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 07 مارچ 2017ء

منہاج القرآن علم، امن اور تحقیق کی عالمگیر تحریک ہے : ڈاکٹر حسین محی الدین، ڈاکٹر اسلم غوری
73 نصابی کتب کی تقریب رونمائی سے خرم نواز گنڈا پور، راشد کلیامی و دیگر کا خطاب

لاہور (7 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ و تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نصاب کی تیاری پر تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں اور ایم ای ایس کے ذمہ داروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیا تعلیمی نصاب طالبعلموں کیلئے جدید علوم کے حصول کے ساتھ ساتھ انہیں اسلام اور پاکستانیت سے محبت کرنے والا ایک اچھا شہری بنائے گا۔ انہوں نے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی طرف سے منعقدہ تقریب کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ انتہا پسندانہ سوچ کو بدلنے اور ایک قوم بننے کیلئے نصاب تعلیم کو عصری ضروریات کے مطابق ڈھالنا ہو گا۔ موجودہ نظام تعلیم اور تعلیمی نصاب نے قوم کو تقسیم اور فکری انتشار میں مبتلا کیا۔

تقریب کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کی جبکہ تقریب سے ایم ڈی راشد حمید کلیامی، خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کمرشل سوچ کے ساتھ تعلیم کی فراہمی کے عظیم اسلامی، قومی، انسانی اور فلاحی مقصد کو حاصل نہیں کیا جا سکتا، عصر حاضر کے سائنسی، سماجی، معاشی رجحانات کے مطابق بچوں کوتعلیمی نصاب نہ پڑھا کر جہالت کے اندھیروں کو مزید گہرا کیا جا رہا ہے۔ منہاج القرآن علم، اسلامی بھائی چارہ کے فروغ اور تحقیق و امن کی ایک عالمگیر تحریک ہے۔ منہاج القرآن کے اندرون بیرون ملک قائم سینکڑوں تعلیمی ادارے شرح خواندگی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ تشنگان علم کی پیاس بجھا رہے ہیں۔ ایم ای ایس کے زیر اہتمام قائم 650 سے زائد سکولوں میں 10 ہزار سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ، ڈیڑھ لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات کو سستی اور معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ منہاج القرآن کے تعلیمی نظام کے اندر اسلام، عشق مصطفی اور پاکستانیت کے فروغ کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔

تقریب سے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ایم ڈی راشد حمید کلیامی اور ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے بھی خطاب کیا۔ ایم ڈی راشد حمید کلیامی نے نصاب کے خدوخال اور مقصدیت کے اوپر تفصیل سے بریفننگ دی۔

خرم نواز گنڈاپور نے اپنے خطاب میں کہاکہ مسلم تہذیب اور تاریخ سے ناطہ توڑ کر غیر مسلم تہذیب اور کارناموں کو منصوبہ بندی کے تحت نصاب میں شامل کیا گیا جس سے پاکستانیت اور قابل فخر مسلم تاریخ کو نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 73 نصابی کتب میں اصلاحات اور نیا نصاب ایم ای ایس شاندار کارنامہ ہے۔

منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسلم غوری، بریگیڈئر (ر) محمد اقبال، کرنل (ر) محمد احمد، شاہد لطیف، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، رفیق نجم، پروفیسر محمد اقبال، ڈاکٹر امبر آصف، تنویر خان، سردار شاکر مزاری، مظہر علوی، عرفان یوسف، علی وقار، سیف اللہ بھٹی، عتیق الرحمان و دیگر نے خصوصی شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top