شہر اعتکاف میں مکہ اور مدینہ کے مقامات مقدسہ کی تصویری نمائش

مورخہ: 23 جون 2017ء

تحریک منہاج القرآن کے شہراعتکاف میں 22 جون 2017ء کو آغوش کمپلیکس کے ایڈمن بلاک میں ایک تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ مکہ و مدینہ شریف کے تاریخی اور مقدس مقامات کی نایاب اور نادر تصاویر پر مبنی اس نمائش کا اہتمام ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس ڈاکٹر نعیم مشتاق نے کیا۔ نمائش میں انیسیویں صدی عیسیویں اور خلافت عثمانی کے دوران لی گئی حرمین کے مقدس مقامات کی تاریخی و نادر تصاویر شامل ہیں، جو سعودی حکومت کی 1925ء میں توسیع منصوبہ کی زد میں آگئے۔

نمائش میں شہرمدینہ کی 1880 کی قدیمی تصویر، آقا علیہ السلام کی جائے ولادت پر خلافت عثمانیہ کے دور میں بنائی گئی مسجد اور ملحقہ شہر مدینہ کی آبادی، حضرت عبدالمطلب، حضرت ابو طالب کے مزارات، ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا اور آقا علیہ السلام کے پدر حضرت قاسم رضی اللہ عنہ کے مزارات کی 1903ء میں عثمانی دور کی تصاویر، جنہیں بعدازاں سعودی دور 1925ء میں شہید کر دیا گیا تھا بھی شامل ہیں۔

مدینہ منورہ جنت البقیع میں حضرت عباس، امام جعفر الصادق، امام محمد الباقر اور امام زین العابدین علیھم السلام کے مزارت کی نشاندہی والی تصاویر کو بھی نمائش کا حصہ بنایا گیا ہے۔ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا مزار مبارک، جسے سعودی دور 1925 میں شہید کر دیا گیا تھا بھی تصویری نمائش میں دیکھا جا سکتا ہے۔ غار ثور و غار حرا کے مقامات، مسجد نبوی میں ریاض الجنۃ، مکہ میں جنت المعالی سمیت دیگر نادر تصاویر بھی نمائش میں شامل ہیں۔

معتکفین کی بڑی تعداد نے نمائش میں دل چسپی کا اظہار کیا۔ تصویری نمائش کے آرگنائزر ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس ڈاکٹر نعیم مشتاق نے سعودی عرب میں کچھ عرصہ گزارا اور انہوں نے یہ نایاب و نادر تصاویر اکٹھی کیں۔ کئی مقامات مقدسہ پر خود جا کر تصویر کشی بھی کی۔ جن لوگوں کو حرمین شریفین کی زیارت کا موقع ملا، ان کے لیے یہ نمائش انتہائی توجہ کی حامل ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top