قائداعظم کے پاکستان کو بدعنوان عناصر کی باقیات سے نجات دلانے کا وقت آ گیا : ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 13 اگست 2017ء

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 70 ویں یوم آزادی کے موقع مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک اور منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام منعقدہ آزادی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان کو بدعنوان عناصر کی باقیات سے نجات دلانے کا وقت آ گیا ۔ اپنے مفادات کیلئے آئین بدلنے کی باتیں کرنیوالوں نے آئین کی ہر شق کو 35 سال تک اپنے مفادات کی خاطر بلڈوز کیا۔ اشرافیہ نے جی ٹی روڈ ریلی سے اپنے ہاتھوں سے اپنے چہروں سے نقاب الٹ دئیے، عوام کا بائیکاٹ سپریم کورٹ کے فیصلے کی توثیق ہے ۔ اقتدار سے بے دخلی پر شور و غوغا کرنیوالے بتائیں وہ وزیر خزانہ اور وزیر اعظم کے منصب تک پہنچے کیسے ؟ کرپٹ اشرافیہ نے پاکستان میں طاقت کے توازن میں بری طرح بگاڑ پیدا کیا۔

یہ کیسی سویلین بالا دستی ہے جس میں وہ اپنے گھر کے افراد کے سوا کسی اور پر اعتماد نہیں کرتے۔ سلطنت شریفیہ میں دونوں ہاتھوں سے پاکستان کو لوٹا جا رہا ہے، کل تک اپنے اقتدار کو ترقی کا سبب قرار دینے والے 28 جولائی کے بعد کہہ رہے ہیں 80 فی صد غریب پاکستانیوں کے پاس رہنے کو گھر نہیں اور چھوٹے صوبوں کی بے حالی کی بات کر رہے ہیں وہ یہ بتائیں کہ اقتدار میں تو آپ ہیں مورد الزام کسے ٹھہرا رہے ہیں؟ 28 جولائی کے بعد لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ڈبل ہو گیا، اگر آپ نے لوڈ شیڈنگ ختم کی ہے تو آج عوام شدید حبس میں 16 گھنٹے کیوں تڑپ رہے ہیں؟ پارلیمنٹ سے لے کر عدلیہ اور جی ٹی روڈ پر جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کئے گئے۔

آزادی کنونشن میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، چوہدری افضل گجر، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، فرخ خان، یونس نوشاہی، امدادحسین شاہ، عمر اعوان، اصغر ساجد، فرح ناز، آمنہ بتول و دیگر رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نااہلی کا متفقہ فیصلہ یوم آزادی پر ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے۔ ان شا اللہ اب قوم کو ٹھنڈی ہواؤں کے جھونکے ہی آئیں گے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل بھی اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔ شہدا کے ورثاء کی بیٹیاں معزز عدلیہ سے انصاف مانگ رہی ہیں۔ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک کر کے ذمہ داروں کے چہروں سے نقاب ہٹایا جائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے استحصالی نظام کے خلاف جانی و مالی قربانیاں دیں۔ قاتل انقلاب کا لفظ منہ سے نکالتے اچھے نہیں لگتے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top