امریکہ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی نیوجرسی میں میلاد النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام 2 دسمبر 2017ء کو میریٹ ہوٹل سیڈل بروک، نیوجرسی میں سالانہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت شیخ بشیر احمد نے کی۔ کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ کے عہدیداران اور کارکنان سمیت مسلمان کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت شیخ ولید مصری نے حاصل کی۔ منہاج القرآن سنڈے سکول کے بچوں نے قصیدہ بردہ اور بارگاہِ مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ بچوں اور بچیوں نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر تقاریر بھی کیں۔ محمد سلیم شیخ، شوکت علی شیخ، قاری زاہد رفیق، طارق محمود علوی، منظور الہی، اویس مصنف القادری، صوفی محمد اصغر اور مظہر علی نے اپنے مخصوص انداز میں تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کی۔ نقابت کے فرائض علامہ محمد شریف کمالوی اور محمد اویس مصنف القادری نے سرانجام دیئے۔

کانفرنس میں شیخ معتز شرف اور صدر منہاج فورم یورپ و امیر منہاج القرآن فرانس علامہ حسن میر قادری نے خطاب کیا اور سیرت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شرعی حیثیت پر مدلل گفتگو کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امتِ محمدیہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے میلاد منا کر شرک کے تمام راستے بند کردیئے ہیں، کیونکہ میلاد، مولود یاولادت صرف مخلوق کی ہوتی ہے اور حضور علیہ الصلٰوۃ و السلام اللہ تعالی کی تخلیق ہیں، جبکہ اللہ تعالی خالق ہے اور وہ میلاد سے پاک ہے۔ میلاد منانا شرک نہیں بلکہ اللہ تعالی کے خالق اور حضور علیہ الصلٰوۃ والسلام کے مخلوق ہونے کا عملی ثبوت ہے۔ علامہ حسن میرقادری نے مزید کہا کہ نورِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تخلیق اللہ رب العزت نے اپنے نور سے فرمائی جسکا ثبوت حدیثِ جابر سے ملتا ہے اور پھر اس نور مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پوری کائنات کو وجود بخشا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے تقریبا 35 سال پہلے لوگ میلاد کی محفلوں کو گھروں کے اندر منعقد کرتے تھے تب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد مینار پاکستان پر کیا۔ آج پوری دنیا میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بڑے تزک و احتشام سے منایا جاتا ہے۔ کانفرنس میں 2 شرکاء کو عمرہ کی ٹکٹ بھی دی گئی۔ یہ ٹکٹ بذریعہ قرعہ اندازی ایک مرد اور ایک عورت کو دی گئی۔

منہاج القرآن اسلامک سنٹر نیوجرسی کے صدر محمد یوسف وھورا نے کانفرنس کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس کی انتظامیہ میں محمد علی، ساجد سید، محمد امجد شیخ، خواجہ محمد علی، رانا محمد مزمل اور ان کے معاونین شامل تھے۔ علامہ حسن میر قادری نے کانفرنس کی اختتامی دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top