نظامت دعوت کے زیراہتمام ملک گیر دروس عرفان القرآن
علامہ محمد لطیف مدنی جامکے چیمہ سیالکوٹ میں خطاب کرتے ہوئے
تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت کے زیراہتمام رمضان المبارک کے مقدس اور بابرکت مہینے میں ملک گیر دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے۔ نماز فجر کے بعد شروع ہونیوالے دروس قرآن میں مرد و خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہورہی ہے، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی دروس عرفان القرآن میں شریک ہورہی ہیں، منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز اپنے خطابات میں اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ اس مہینے میں اگر صحیح معنوں میں محنت کر کے اپنے نفس کی تربیت کر لی جائے تو اس کا کوئی اور بدل نہیں ہوسکتا۔
نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس قادری، ناظم دعوت علامہ محمد لطیف مدنی، ناظم دعوت علامہ محمد جمیل احمد زاہد اور علامہ ندیم مظفر اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک غریبوں اور مسکینوں سے ہمدردی و غم خواری کا مہینہ ہے۔ اس ماہ مبارک میں اللہ تعالی کی نعمتیں اور برکتیں بارش کی طرح برستی ہیں، یہ مہینہ آچکا ہے ہمیں چاہیے کہ اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادت کریں آخرت کی فکر کریں، برائیوں سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے نیک اعمال کی جانب متوجہ ہو کر دنیا و آخرت کی کامیابیاں سمیٹیں۔
ڈسکہ میں منعقدہ درس عرفان القرآن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد لطیف مدنی نے مزید کہا کہ حضور ﷺ نے فرمایا ہے کہ یہ صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا بدل جنت ہے، رمضان المبارک واقعی صبر کا مہینہ ہے اس لیے اس میں جائز، حلال اور طیب چیزوں سے بھی انسان صبح صادق سے غروب آفتاب تک رکتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ رکنا دراصل صبر اور تقویٰ کی تربیت ہے۔
سمبڑیال میں درس عرفان القرآن کے شرکاء سے خطاب میں علامہ محمد جمیل قادری نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقصد فلاح، خیر، درگزر اور حقوق العباد کی خاص ادائیگی ہے، اس مقدس ماہ کے تین عشرے ہیں، پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ جہنم سے نجات کا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان عشروں کو ان کی اصل روح کے مطابق گزارنے کی کوشش کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہا کہ روزہ اسلام کا تیسرا اہم ترین رکن ہے، یہ گنہگار کے گناہوں کو پاک کرنے کا مقدس مہینہ ہے، روزے کی اصل حقیقت اور روح مذہب اسلام کے علاوہ دنیا کے کسی اور مذہب میں نہیں پائی جاتی۔
دریں اثناء علامہ محمد اعجاز ملک، علامہ وقاص علی قادری، صاحبزادہ ظہیر نقشبندی، علامہ صابر کمال وٹو، علامہ فیاض بشر قادری و دیگر علماء نے بھی مختلف علاقوں میں دروس عرفان القرآن سے خطاب کیا۔
علامہ ندیم مظفر اعوان ڈسکہ سیالکوٹ میں خطاب کرتے ہوئے
سمبڑیال میں علامہ محمد لطیف مدنی دروس قرآن کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے
سمبڑیال: پانچ روزہ دروس عرفان القران کی دوسری نشست میں علامہ جمیل احمد زاہد خطاب کرتے ہوئے
تبصرہ