’’بدلتے احوال و واقعات کے تناظر میں شرعی احکام میں تبدیلی اور رعایت‘‘ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علماء کیساتھ علمی نشست

منہاج القرآن علماء کونسل کے زیرِاہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علماءکرام کے ساتھ خصوصی علمی و فہقی نشست ’’بدلتے احوال و واقعات کے تناظر میں شرعی احکام میں رعایت اور تبدیلی‘‘ کے موضوع پر منعقد ہوئی، جس میں شیوخ الحدیث، شیوخ التفیسر، شیوخ الفقہ، علماء و خطبا، اسکالرز، جامعات کے اساتذہ کرام، طلباء اور محققین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اِسلام ابدی دین ہے اور اس کے اَحکام کو بھی بقا اور دوام حاصل ہے۔ اِس کی ایک وجہ یہ ہے کہ اِس کے اَحکام اُلوہی حکمت پر مبنی ہیں جو دائمی ہے۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ اﷲ رب العزت نے اِس کی جملہ تعلیمات اور اَحکامات کے اندر آفاقی وسعت اور ہمہ گیریت رکھی ہے، جس کے باعث یہ تمام زمانوں کے حالات کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کی قدرتی صلاحیت رکھتا ہے۔ تیسری وجہ یہ ہے کہ اِس کے اَحکامات کے اندر شارع کی طرف سے نرمی، سہولت اور لچک کی وسیع گنجائش رکھی گئی ہے، جس کے سبب سے بدلتے ہوئے زمانوں کے حالات و واقعات میں کارفرما حکمی اور حکمتی تغیر و تبدل کو اپنے اندر سمو لینے کی بڑی اِستعداد موجود ہے۔

انہوں نے مزید فرمایا کہ زندگی جمود اور تعطل نہیں بلکہ تحرّک اور تغیّر و تبدّل کا نام ہے۔ تغیراتِ زمانہ اور اِنقلاباتِ اَحوال زندہ اور بیدار قوموں کے لیے مہمیز کا کام کرتے ہیں۔ اسلامی قوانین ہر زمانے کے بدلتے ہوئے حالات و عادات اور اَحوال و ظروف کے مطابق اِنسانوں کی رہنمائی کرتے ہیں۔ ان قوانین میں اﷲ تعالیٰ نے اتنی خوش گوار لچک رکھی ہے کہ ان میں ہر دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اسلامی قوانین کی بنیاد حکمت و مصالح، بندوں کی دنیاوی بہتری اور اُخروی فلاح پر ہے۔ وہ اَحکام جو معاملات سے تعلق رکھتے ہیں ان میں بالخصوص مصلحتِ عامہ کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ مصلحت اور عِلّت زمانہ اور حالات کے بدل جانے سے تبدیل ہو جاتی ہے۔ لہٰذا جب بنیاد بدل جائے تو اَحکام کا بدلنا بھی ناگزیر ہو جاتا ہے۔ اس لیے احکام المعاملات کو زمانے کی بدلتی ہوئی حکمتوں اور علتوں پر پرکھا جائے گا۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہر وہ قانون جو فرد یا افرادِ معاشرہ کو ظلم و جور سے محفوظ رکھنے کے لیے بنا ہے، اس میں فیصلے کے وقت معاشرے کی موجودہ صورتِ حال اور بدلتے حالات کو مدِ نظر رکھا جاتا ہے۔ جس جس انداز میں فرد اور معاشرے کے حالات و واقعات میں تبدیلی واقع ہوتی ہے، اِسی انداز اور تناسب سے ان قوانین میں بھی تبدیلی کی گنجائش موجود ہوتی ہے۔ بالفاظِ دیگر بدلتے ہوئے حالات کے مطابق تبدیلی ہی ان قوانین کو بقاء و دوام، عوامی اِفادیت اور بین الاقوامی مقبولیت کا حامل بناتی ہے ورنہ جمود، اسلامی قوانین کو متحرک انسانی زندگی سے کاٹ کر لا تعلق کر دے گا۔ اگر یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ اب قانون وضع کرنے یا نافذ کرنے میں بات صرف حاجت و ضرورت کی نہیں رہی بلکہ جلبِ منفعت اور دفعِ مضرت کا سوال ہے۔ اگر یہ نہ ہو تو ایسے بے لچک قوانین ایک مخصوص زمانے، علاقے اور طبقے تک ہی محدود ہو کر رہ جاتے ہیں۔

شیخ الاسلام نے مختلف آیاتِ قرآنی سے استدلال کرتے ہوئے کہا کہ دینِ اسلام نعمت اور آسانی تبھی بنے گا جب تغیرِ زمانہ اور تغیرِ حالات کے ساتھ انسانی معاشرے کے لیے آسانی پیدا کرے گا۔ گویا دینِ اسلام ہر زمانے میں انسان کے لیے نعمت اور آسانی ہے۔ ہر زمانے کے لوگ اس دین سے یکساں فیض یاب ہو رہے ہیں۔ دین ہر دور کے لوگوں کے لیے نظامِ زندگی کے طور پر برقرار ہے۔ جو انسانی زندگی کی بدلتی ہوئی ضروریات کی کفالت نہ کر سکے وہ وہ دین، دین نہیں۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ وقت، حالات و واقعات اور معاشرے کی ضروریات کے بدلنے سے حکمِ شرعی میں بھی تبدیلی کی اجازت ہوتی ہے۔اسلامی قوانین ہر زمانے میں بدلتے ہوئے حالات و عادات اور احوال و ظروف کے مطابق انسانوں کی رہنمائی کرتے ہیں۔ اگراسلامی قوانین میں لچک کے پہلو کو نظر انداز کر دیا جائے، تو احکامات مخصوص زمانے اور طبقے تک محدود ہو کر رہ جائیں گے۔ حالات کے مطابق تبدیلی ہی اسلامی قوانین کو بقاء و دوام بخشتی ہے۔

تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم میں سے کسی کو مفتی، جج یا سپہ سالار بنا کر بھیجتے تو فرماتے: لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ،پریشانیاں پیدا نہ کرنا، کشادگی پیدا کرنا اور تنگ نظری نہ رکھنا۔ لوگوں کو دین اس طرح دو کہ انہیں خوشخبری لگے، اس طرح پیش نہ کرو کہ وہ باغی ہوجائیں۔ ان کو متنفر کرنے کے بجائے دین کی آسانی کے پہلو کے ذریعے ان کو دین کی طرف راغب کرو۔

شیخ الاسلام نے زیر بحث موضوع کی وضاحت کرتے ہوئے کثیر احادیث مبارکہ کا بھی حوالہ دیا، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی حیات سےامثلہ پیش کیں اور مذاہب اربعہ کے اکابر فقہاء و اصولیین کی کتب سے دلائل پیش کیے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آج ہم اتنے تنگ نظر ہو گئے ہیں کہ دین نے معاملات میں جو وسعت رکھی وہ ہماری تنگ نظری کی بھینٹ چڑھ گئی ہے اور نوجوان نسل دین سے دور ہو رہی ہے۔ زمانے کے بدلنے سے احکام کے بدلنے کو کھبی روکا نہیں جا سکتا بلکہ یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے ۔ علماء کرام بدلتے حالات کے تناظر میں شرعی احکامات کے متعلق امت کی رہنمائی کریں۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام کی یہ ذمہ داری ہے کہ پہلے زمانے کے تقاضوں اور احوال کے مطابق لکھے گئے فتووں سے باہر نکل کر ، موجودہ حالات کے تقاضوں کے مطابق مسائل کا حل تلاش کریں۔ نوجوانوں کو دین کی رہنمائی مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اخلاق و کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کر کے قومی، ملی اور اسلامی ذمہ داری ادا کریں۔

علمائے کرام کی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ملاقات

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top