تحریک منہاج القرآن مصطفوی معاشرے کے قیام کیلئے بر سر پیکار ہے: صدر منہاج القرآن
خوش نصیب لوگوں کو اللہ نے اپنا مال اسکے بندوں کی فلاح پر خرچ کرنے کی توفیق دی ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین
تحریک منہاج القرآن شعبہ پبلک ریلیشنز کے زیر اہتمام کاروباری شخصیات، تاجروں کودئیے گئے عشائیے سے خطاب
خرم نواز گنڈا پور، شہزاد رسول چودھری، حاجی محمد اسحق، ملک عارف، ارشد مغل، میاں رضا لطیف و دیگر کی شرکت
لاہور (19 اکتوبر 2018) تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن مصطفوی معاشرے کے قیام کیلئے برسر پیکار ہے۔ ایک مثالی معاشرہ وہی ہوتا ہے جس میں تمام انسان ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے، حاجت مندوں کی ضرورت کو پورا کرتے ہوئے زندگی گزار تے ہیں۔ اسلام انسانیت کی بلا امتیاز خدمت کی تلقین کرتا ہے۔ ضرورت مندوں کی حاجت روائی ہر مذہب کی بنیادی تعلیم ہے۔ اللہ کی راہ میں مال خرچ کرناصدقہ، خیرات، زکوۃ، فطرانہ یہ تمام ا عمال مال و وسائل کو معاشرے کے محروم طبقات تک پہنچانے کا ذریعہ ہیں۔
وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تحریک منہاج القرآن شعبہ پبلک ریلیشنز کے زیراہتمام کاروباری شخصیات، تاجروں اور تحریک منہاج القرآن کے اہم رہنماؤں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزاد رسول چودھری، حاجی محمد اسحق معروف کاروباری شخصیات ملک عارف، ارشد مغل، میاں رضا لطیف، جنید وارثی، احمد صادق، اظہار حسین شاہ، شفقت محمود کموکا، شیخ آفتاب، راشد چودھری، عامر اسحاق، شیخ عامر رفیع و دیگر موجود تھے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہاکہ اسلام انسانیت کی فلاح کا دین ہے۔ تحریک منہاج القرآن کا مقصد اولین خدمت انسانیت اور مصطفوی معاشرے کا قیام ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری پوری دنیا میں محبت و امن کے قیام کیلئے دن رات کوشاں ہیں، تحریک منہاج القرآن نے احیائے دین، اصلاح احوال کے ساتھ ساتھ سوسائٹی کے کمزور اور نادار طبقات کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بے مثال عوامی انسانی خدمت کے منصوبہ جات کا اجراء کیا جس میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، آغوش کے ادارے دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہیں اس کے علاوہ ڈونرز کی مدد سے ہر سال اجتماعی شادیوں کی تقاریب منعقد کر کے کم آمدنی والے خاندانوں کی خوشیوں میں شرکت کی جاتی ہے۔ تحریک منہاج القرآن مخیر حضرات کی پائی پائی تعلیم اور مستحقین کی مدد کیلئے انتہائی شفاف انداز میں خرچ کرتی ہے۔
انہوں نے مخیر حضرات سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جنہیں اللہ مالی آسودگی عطا کرتا ہے اور اللہ کے دئیے ہوئے اس مال کو بڑھ چڑھ کر ضرورت مندوں کی حاجت روائی کیلئے برؤے کار لاتے ہیں۔ ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہا کہ 2005 کا زلزلہ ہو، سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت، ملک میں ہو یا ملک سے باہر تحریک منہاج القرآن کے رفقاء و کارکنان نے انسانیت کی خدمت، متاثرہ لوگوں کی بحالی کیلئے دن رات جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے اپنے ماننے والوں کو ایک دوسرے کے ساتھ اخوت، ایثار، قربانی، محبت اور ہمدردی کا حکم دیا ہے۔ دین اسلام نے محتاجوں، غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کے احکامات موجود ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے کارکنان، عہدیداران و وابستگان بلا امتیاز رنگ و نسل دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں، ملک بھر میں سینکڑوں سکولز، درجنوں کالجز، عالمی معیار کی یونیورسٹی، فری ڈسپنسریاں، آرفن ہومز، صاف پانی کے کنوئیں یہ سب تحریک منہاج القرآن کی انسان دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے سر زمین پاکستان پر رؤے زمین کی سب سے بڑی عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد بھی تحریک منہاج القرآن کا طرہ امتیاز ہے۔ یہ اعزاز تحریک منہاج القرآن کو حاصل ہے کہ حضور اکرم ﷺ کے میلاد کو ایک جشن اور ثقافت کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اس سال بھی 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب تاجدار کائنات کا میلاد پوری عقیدت، احترام، شان و شوکت اور خوشی سے منایا جائے گا۔ عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں، انتظامات میں حصہ لینے والے اور خرچ کرنیوالے خوش قسمت لوگ ہیں، تاجدار کائنات کا میلاد منانا یقیناًحضور اکرم ﷺ سے اظہار محبت ہے۔
تبصرہ