ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا عبرتناک انجام دنیا دیکھے گی: ڈاکٹر طاہرالقادری

کوئی فرعون شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو نہ خرید سکا، نہ ڈرا سکا
سربراہ عوامی تحریک کی ماڈل ٹاؤن کے شہید عمر صدیق کے بھائی احمد صدیق کی شادی میں شرکت
دعوت ولیمہ میں خرم نواز گنڈا پور، جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی، میاں زاہد اسلام، راجہ زاہد کی شرکت
تقریب میں حاجی محمد اسحاق، شہزاد رسول، اصغر ساجد، عارف چوہدری ودیگر راہنما بھی شریک تھے

لاہور (23 نومبر 2018) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہید میاں عمر صدیق کے بڑے بھائی میاں احمد صدیق کی دعوت ولیمہ میں شرکت کی اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا عبرتناک انجام دنیا دیکھے گی، سانحہ کے ماسٹر مائنڈ کی رسوائی ابھی ابتداء ہے، بے گناہوں کا خون بہانے والے اس دنیا میں بھی سزا بھگتیں گے اور آخرت میں بھی ان قاتلوں سے بہائے جانے والے معصوم خون کے قطرے قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء نے عزم واستقامت کی نئی مثال رقم کی، کوئی فرعون انہیں خرید سکا اور نہ ڈرا دھمکا سکا۔

اس موقع پر شہید کے والد میاں محمد صدیق، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی، میاں زاہد اسلام، راجہ زاہد، حاجی محمد اسحاق، شہزاد رسول، اصغر ساجد، راشد چوہدری، عارف چوہدری ودیگر مرکزی صوبائی اور مقامی راہنما موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ ہم پہلے دن سے ہی غیر جانبدار تحقیق کے لیے نئی جے آئی ٹی کا مطالبہ کر رہے ہیں جس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، اگر قاتل برادران سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث نہیں ہیں تو پھر وہ غیر جانبدار تحقیقات سے خوفزدہ کیوں ہیں؟ جلد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا عبرتناک انجام دنیا دیکھے گی، انہوں نے کہا کہ انصاف کے لیے سپریم کورٹ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ شہدائے کے ماڈل ٹاؤن کے لواحقین نے قاتل حکمرانوں کی طرف سے کروڑوں روپے کی پیش کش ٹھکرا کر ثابت کیا کہ شہیدوں کے خون کی قیمت نہیں ہوتی، ہمیں شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قربانیوں پر فخر ہے، قربانیاں دینے والے کارکن عظیم ہیں، ان کی قربانیاں آب زر سے لکھے جانے کے قابل ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دینی و قومی جذبے سے سرشار کارکنوں نے ملک و قوم کے لیے قربانیاں دیں، انہوں نے کہا کہ مجھے تو دور کی بات شہیدوں کے والدین اور بچوں کے عزم کو بھی متزلزل نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ان کی قربانیاں کسی دنیاوی عہدے کے لیے نہیں مخلوق خدا کے لیے ہیں، قاتل سن لیں وہ سزا سے نہیں بچ سکیں گے، ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے خون کا حساب لینے کے لیے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں اور آخری سانس تک لڑتے رہیں گے، میں نے اپنے کارکنوں کو صرف امن کی تعلیم دی ہے، کوئی خوف یا لالچ نہ انہیں ڈرا سکتا ہے نہ جھکا سکتا ہے۔

دعوت ولیمہ کے موقع پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے میاں عمر صدیق شہید کے بھائی میاں احمد صدیق کو گلے لگایا، پیار کیا تو شہید کے والد میاں محمد صدیق سمیت دعوت ولیمہ میں موجود ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top