انسانیت کی خدمت کے حوالے سے منہاج القرآن کا کردار قابل تقلید ہے: کرکٹر اظہر علی
قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر بیٹسمین کا منہاج القرآن مرکزی
سیکرٹریٹ کا دورہ
رہنماؤں نے اظہر علی کو قرآنی انسائیکلو پیڈیا کا سیٹ اور گوشہ درود کا ماڈل بطور
تحفہ دیا
لاہور (14 فروری 2019) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز اوپنر بیٹسمین اظہر علی نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور خدمت قرآن و انسانیت کے حوالے سے عالمگیر کردار کی ادائیگی پر قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کو سراہا۔ اظہر علی مرکزی سیکرٹریٹ میں گوشہ درود میں بھی گئے اور وہاں کچھ وقت گزارا۔ قومی کرکٹ ہیرو نے ڈائریکٹوریٹ آف فارن افیئرز، مرکزی میڈیا سیل اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے دفاتر کا دورہ کیا۔
مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزاد رسول، حاجی محمد اسحق، عبد الحفیظ چوہدری نے پر تپاک استقبال کیا، ڈائریکٹر میڈیا نور اللہ صدیقی نے رہنماؤں کے ہمراہ قومی کرکٹ ہیرو اظہر علی کو ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تالیف کردہ 8 جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلو پیڈیا کا سیٹ اور گوشہ درود کا ماڈل تحفے میں دیا۔
مرکزی سیکرٹریٹ کے دورہ کے موقع پر اظہر علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز پوری دنیا میں قائم ہیں اور انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں، یہ بات باعث مسرت ہے کہ منہاج القرآن کے پر امن پیغام کو دنیا بھر کی مسلم یوتھ بخوشی قبول کر رہی ہے اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی تحریروں اور تقریروں سے نئی نسل کو انتہا پسندانہ رجحانات سے بچانے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ منہاج القرآن پاکستان میں اور پاکستان سے باہر بے مثال تنظیمی منصوبہ جات اور ویلفیئر پراجیکٹس چلا رہی ہے۔ انسانیت کی خدمت ہی اسلام کی اصل تعلیمات ہیں۔ رہنماؤں نے اظہر علی کو 19 فروری کو منہاج یونیورسٹی لاہور کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔
تبصرہ