انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے لوگ عظیم ہوتے ہیں: ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر

مورخہ: 09 مارچ 2019ء

ڈاکٹر طاہرالقادری کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا امت مسلمہ اور انسانیت کی بڑی خدمت ہے: قومی کرکٹر
قرآن حکیم فکری رہنمائی اور سنت مصطفی ﷺ عملی رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے : حافظ غلام فرید
منہاج القرآن لاہو رکے زیر اہتمام تقریب سے علامہ احسن، پیر قمر الدین گیلانی، سید جاوید مصطفی کا خطاب

لاہور (9مارچ 2019) سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ وہ لوگ عظیم ہیں جو انسانیت کی خدمت اور نسلوں کی تربیت کیلئے اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تالیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا امت مسلمہ اور انسانیت کی بڑی خدمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام پی پی 147 میں قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تعارفی، و تقریب رونمائی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب رونمائی کی صدارت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کی۔ اس موقع پر بابر بن دلاور، علامہ احسن اویس، پیر قمر الدین گیلانی محبوبی، حاجی صغیر احمد، حاجی غلام غوث سمیت اہم شخصیات موجود تھیں۔ منہاج القرآن پی پی 147 سید جاوید مصطفی، مقرب یاسین، افراز احمد بٹ و دیگر رہنماؤں نے تقریب میں آنیوالے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا سیٹ تحفے میں دیا۔

سابق قومی کرکٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا نہ صرف امت مسلمہ بلکہ پوری انسانیت کیلئے رہنمائی کی بہترین ذریعہ ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے احیائے اسلام اور تجدید دین کی جدوجہد کے آغاز میں جو اہداف مقرر کئے تھے ان میں سے ایک بنیادی مقصد رجوع الی القرآن بھی ہے اسی لئے آپ نے اپنی جدوجہد کا عنوان بھی منہاج القرآن رکھا جسکا مطلب قرآن کا راستہ ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے علماء، تعلیم یافتہ طبقات اور طلباء و طالبات کیلئے قرآن مجید کے ہزاروں مضامین تک براہ راست رسائی کا دروازہ کھول دیا ہے۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا علمی، فکری، اخلاقی، روحانی، سیاسی، معاشی اور معاشرتی حوالے سے بہترین رہنمائی فراہم کرتا ہے، میں عظیم الشان تاریخی تالیف پر ڈاکٹر طاہرالقادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب تک قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقاریب رونمائی 100 سے زائد مقامات پر ہو چکی ہے۔ قرآن حکیم فکری رہنمائی اور سنت مصطفی ﷺ عملی رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کے مطالعے سے نوجوانوں میں دین سیکھنے کی تڑپ پیدا ہوتی ہے۔ دین اسلام کے بارے میں بنیادی معلومات اور احکامات قرآنی کو سمجھنے کا شوق پیدا ہو رہا ہے۔ تحریک منہاج القرآن اسلامی تعلیمات کو عام کرنے میں جو کردار ادا کر رہی ہے یہ عصر حاضر کی ضرور ت ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ علمائے کرام نوجوان طبقے کو دین کی طرف راغب کریں اور انکی تعلیم و تربیت کا اہتمام کریں۔

تقریب کے اختتام پر علامہ احسن اویس نے ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی اور کہا کہ ہم سب کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا مطالعہ کرنا چاہیے یہ رضائے الہی، رضائے رسول ﷺ کے حصول اور حسن آخرت کا بہترین ذریعہ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top