بونیر: پیر بابا کے 449 ویں عرس کی تقریبات میں منہاج القرآن کے وفد کی شرکت

سید علی ترمذی المعروف پیر بابا کے 449 ویں عرس مبارک کی دو روزہ تقریبات 6 اور 7 اپریل 2019 کو بونیر (خیبر پخونخواہ) میں منعقد ہوئیں۔ عرس کی تقریبات میں تحریک منہاج القرآن کا مرکزی وفد علامہ غلام ربانی تیمور اور علامہ محمد وسیم افضل کی سربراہی میں شریک ہوا۔ عرس مبارک کی افتتاحی تقریب کا آغاز 6 اپریل کو نماز ظہر کے بعد ہوا جس کی صدارت سجادہ نشیں پیر بابا مخدوم سید حسین شاہ ترمذی نے کی جبکہ مہمان خصوصی ڈی پی او ضلع بونیر شفیع اللہ تھے۔ مختلف علماء و مشائخ سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ رزاق نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جان محمد (نارنگ منڈی ) نے پیش کی۔ عرس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ غلام ربانی تیمور نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، ناظم اعلی منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور اور تحریک منہاج القرآن کی طرف سے عرس مبارک کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے اپنے پیارے حبیب محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے غلاموں کو خاص نعمتوں سے نوازتا ہے جن میں سے ایک اولیاء کی سنگت و صحبت ہے۔ ولایت کی عظمت مولائے کائنات حضرت علی شیر خدا سے چلی۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام میں اعلان فرمایا ہے کہ خبردارا ہو جاؤ میرے اولیا کو کوئی خوف و خطر نہیں ہے۔ بےشک میں اپنے محبوب پر نبوت کا باب بند کر رہا ہوں مگر اپنی امت کی اصلاح اور تربیت کے لئے ولایت دے رہا ہوں جس کا فیض قیامت تک جاری رہے گا۔

مہمان خصوصی شفیع اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے آستانہ پیر باباکی انتظامیہ اور سجادہ نشیں سید حسین شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اتنی عظیم اور روحانی محفل میں حاضری کا جو شرف ملا ہے یہ میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ یہی آستانے ہیں جہاں سے امن و محبت کا درس ملتا ہے۔ بعد ازاں رسم چادر پوشی کی گئی اور دعا کے بعد تقریب اختتام کو پہنچی۔

رپورٹ: محمد وسیم افضل

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top