علامہ اقبال کا فلسفہ خودی غلامی کی ہر شکل سے نجات کا نسخہ کیمیا ہے: خرم نواز گنڈاپور

نوجوان اقبالیات کا مطالعہ کر کے خود کو فکری و نظریاتی اعتبار سے مضبوط کریں: حافظ غلام فرید

لاہور (21 اپریل 2019) پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام حکیم الامت علامہ ڈاکٹرمحمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے 81ویں یوم وصال کے موقع پر ماڈل ٹاؤن میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سیاسی، مذہبی، سماجی رہنماؤں، طلبہ اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا فلسفہ خودی غلامی کی ہر شکل سے نجات کا نسخہ کیمیا ہے، ظالم نظام کی تبدیلی، استحصال اور نا انصافی کے خاتمے کیلئے فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ سے رہنمائی لینا ہو گی۔ حکیم الامت باوقار اور خود دار قوم کی تشکیل کیلئے نوجوانوں کو علم کے زیور سے آراستہ دیکھنا چاہتے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا کہ مطالبہ کرتے ہیں کہ اقبالیات کا مضمون ہر سطح کے تعلیمی اداروں میں بطور لازمی مضمون پڑھایا جائے۔ سابق جاہل حکمرانوں نے فکر اقبال کو کبھی بھی اپنے کردار میں نہیں ڈھالا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج ہم قوم سے ہجوم میں تبدیل ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی آئیڈیالوجی اور ہیروز کو تبدیل کرنے والی قومیں زیرو ہو جاتی ہیں۔ علامہ ڈاکٹر محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ سچے عاشق رسول تھے۔ انہوں نے اپنے اشعار کے ذریعے بھٹکی ہوئی امت مسلمہ کی رہنمائی کی۔ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نوجوانوں کو جدید عصری، دینی و دنیادی تعلیم کی جدوجہد میں مشغول دیکھنا چاہتے تھے، یہی قرآنی حکم ہے اور یہی حکم محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ کا ہے اور یہی ہمارے اسلاف کی فکر ہے۔ نو جوان اقبالیات کا مطالعہ کریں اور بحثیت پاکستانی اپنے آپ کو فکری و نظریاتی اعتبار سے مضبوط کریں۔ تقریب سے اشتیاق حنیف مغل، چوہدری افضل گجر، شفاقت مغل، میاں افتخار، علامہ امداد حسین شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top