دینی مدارس کا فروغ علم میں اہم کردار، جامع نظام کی ضرورت ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

ریاست کو تعلیمی نظام اور نصاب سازی کے عمل سے الگ نہیں رہنا چاہیے: کالج آف شریعہ کے طلباء سے خطاب
نفرت کے خاتمے اور امن کے لیے کام کرنا طلباء کی دینی و ملی ذمہ داری ہے: چیئرمین سپریم کونسل
تقریب میں مفتی عبدالقیوم ہزاروی، پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی کی شرکت

لاہور (30 اپریل 2019ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے سینئر کلاسز کے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس کا فروغ علم میں اہم کردار ہے، یہاں لاکھوں طلباء دینی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ان کی ضرورت و اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا تاہم اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ یہ ایک جامع نظام کے تحت ہوں تاکہ کوئی اسلام اور ملک دشمن بھیس بدل کر دینی اداروں کی آڑ لے کر اسلام اور پاکستان کو بدنام نہ کر سکے۔ ریاست کو نظام تعلیم اور نصاب سازی کے عمل سے الگ نہیں رہنا چاہیے۔

خصوصی تقریب میں مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، مولانا الیاس اعظمی، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، شہزاد رسول اور کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے لیکچررز اور بڑی تعداد میں طلباء شریک تھے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی میں امن کے فروغ، بین المسالک ومذاہب ہم آہنگی اور رواداری کیلئے کام کرنا منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں کے فارغ التحصیل طلبا و طالبات کی اولین دینی اور ملی و قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے نوجوانوں کو نظریاتی اور فکری دہشتگردی کا بھی سامنا ہے، دشمن مذہب کی گمراہ کن تعبیر کے ذریعے نئی نسل کی سوچ کو پراگندا اور متشدد بنارہے ہیں۔

اس پرفتن دور میں بانئ و سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ادارہ منہاج القرآن پوری دنیا میں اسلام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف فتویٰ اور فروغ امن کے لیے جامع نصاب دے کر خارجی فکر کے راستے بند کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے عظیم طلباء اسلام اور پاکستان کے سچے نظریاتی سپاہی اور امن کے سفیر ہیں۔ ان کے ہوتے کوئی اپنے مذموم مقاصد بروئے کار نہیں لا سکتا۔

دریں اثناء چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن کے شعبہ پبلک ریلیشنز کے ڈائریکٹر شہزاد رسول کی طرف سے منعقدہ عشائیہ میں شرکت کی، عشائیہ میں منہاج القرآن کے مرکزی رہنما، مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندگان اور کاروباری شخصیات شریک تھیں۔ شہزاد رسول نے پبلک ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وسائل مہیا کرنا اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نزدیک ایک بہترین عمل ہے، ضرورت مندوں اور مستحقین کی ضروریات پوری کرنا صاحب حیثیت افراد کے لیے واجبات میں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ منہاج القرآن تجدید دین، اصلاح احوال کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت میں بھی پیش پیش ہے۔ اس حوالے سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن تعلیم کے شعبہ میں بے مثال خدمت انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے تاجر، کاروباری تنظیمات کے ذمہ داران اور شرکاء کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں آمد پر خوش آمدید کہا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top