پاکستان خطہ میں تعلیم پر سب سے کم خرچ کرنیوالا ملک ہے : ڈاکٹر حسین محی الدین

مورخہ: 05 مئی 2019ء

اسلام آباد کے باورچی اساتذہ سے زیادہ تنخواہ لیتے ہیں، ایم ایس ایم کے زیراہتمام سیمینار
سیمینار میں تعلیمی بجٹ کو جی ڈی پی کا 5 فی صد کرنےکی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی
سیمینار سے ایم این اے ریاض فتیانہ، ڈاکٹر قیس اسلم، ڈاکٹر شاہد سرویا، عرفان یوسف کا خطاب

لاہور (5 مئی 2019) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (ایم ایس ایم) کی طرف سے ’’تعلیم سب کےلئے‘‘ منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کا 5فی صد کیا جائے اور پھر بتدریج اسے 10 فی صد تک لایا جائے۔ مدارس کو قومی دھارے میں لانا ہو گا، تعلیمی اداروں میں امن نصاب پڑھایا جائے، تعلیم واحد ہتھیار ہے جس سے قوموں کی زندگی میں انقلاب آتا ہے۔ پنجاب میں ایک کروڑ 30لاکھ، کے پی کے میں 23 لاکھ 85ہزار، سندھ میں 64 لاکھ 13ہزار، بلوچستان میں 19 لاکھ 12 ہزار بچے سکول نہیں جاتے۔ تعلیمی بجٹ کا 95 فی صد تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی نذر ہو جاتا ہے۔ پاکستان خطہ کا واحد ملک ہے جو تعلیم پر سب سے کم خرچ کرتا ہے۔

منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام سیمینار سے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ، ماہر تعلیم ڈاکٹر قیس اسلم، منہاج یونیورسٹی لاہور کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر محمد شاہد سرویا، ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف، ضیاء الرحمان و دیگر نے خطاب کیا۔

ریاض فتیانہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شروع دن سے ڈاکٹر طاہرالقادری کا مداح ہوں، دھرنے کے دوران اسمبلی میں انکا دفاع کیا، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری قوم کا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25-اے پر کسی حکومت نے عمل نہیں کیا۔ تعلیمی بجٹ بڑھنے کی بجائے کم ہو رہا ہے۔ ہماری کوئی یونیورسٹی عالمی رینکنگ میں نہیں ہے۔ ریاست مدینہ کی فکری بنیاد علم اور ویلفیئر پر ہے۔ تعلیمی بجٹ کا 95 فی صد تنخواہوں و دیگر اخراجات کی نظر ہو جاتا ہے، ہمیں انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ ہیومن ڈویلپمنٹ پر بھی سرمایہ کاری کرنی ہے۔ 60 فی صد نوجوان آبادی کو تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہنر مند بھی ہونا چاہیے۔ اڑھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں انہیں سکولوں میں لانا بڑا چیلنج ہے، ہمارے بچوں کو کوالٹی ایجوکیشن کی ضرورت ہے۔

ماہر معاشیات ڈاکٹر قیس اسلم نے کہا کہ اسلام آباد کے باورچی اساتذہ سے زیادہ تنخواہ لیتے ہیں۔ تعلیم کی ترقی کےلئے استاد کو عزت دینا ہو گی۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہمیشہ تعلیم اور تربیت کی بات کرتے ہیں، اہم موضوع پر سیمینار کا انعقاد قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے سرکاری تعلیمی اداروں میں کیوں نہیں پڑھنا چاہتے اس پر پالیسی سازوں کو غور کر نا چاہیے۔ ترقی کےلئے بچوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف لانا ہو گا۔ کئی سو سال دنیا کی معیشت زراعت کے اردگرد گھومتی رہی اب ٹیکنالوجی کا دور ہے اس سے کٹ کر اقتصادی استحکام حاصل نہیں کر سکتے۔

منہاج یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر محمد شاہد سرویا نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کے حوالے سے پالیسی سازی کےلئے ڈیٹا دستیاب نہیں ہے۔ جنرل ایجوکیشن سے قابل قدر قدر ٹیلنٹ سامنے نہیں آرہا، تعلیمی شعبہ میں بہت سارے بنیادی کام ابھی کرنیوالے ہیں۔ پاکستان کا مستقبل ہائر ایجوکیشن سے جڑا ہوا ہے۔

مرکزی صدر ایم ایس ایم عرفان یوسف نے ’’تعلیم سب کےلئے‘‘ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی اور مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ سیمینار کے اختتام پر تعلیمی بجٹ کو جی ڈی پی کا 5 فی صد کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ سیمینار میں اخلاق حسین، احسان سنبل، فراز ہاشمی، بلال سلطان، احمد لغاری، اویس طاہر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top