اسلامی تعلیمات کا جوہر انسانیت سے محبت ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین

مورخہ: 07 مئی 2019ء

مسلمان کے اوصاف اعتدال، نرمی، صبر و تحمل اور استقامت ہیں
روزہ روحانی، جسمانی بیماریوں کے خاتمے کا نسخہ کیمیا ہے : گفتگو

لاہور (7 مئی 2019ء) صدرتحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہاسلامی تعلیمات کا جوہر انسانیت سے محبت ہے۔ مسلمان کے اوصاف اعتدال، نرمی، صبر و تحمل اور استقامت ہیں۔ روزہ روحانی، جسمانی بیماریوں کے خاتمے کا نسخہ کیمیا ہے۔ روزہ کی عبادت عاجزی، انکساری اور صبر و تحمل کا امتحان ہے روزہ بھوک پیاس کا نام نہیں، گناہوں سے بچنے کا نام ہے۔ وہ یہاں عہدیداروں، کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ دوسروں کی مدد کرنا، بھوکوں کو کھانا کھلانا، حاجت مندوں کی حاجت روائی کرنا افضل عبادات میں سے ہے۔ حدیث نبوی ﷺ ہے کہ جو شخص کسی مسلمان کی کوئی دنیاوی تکلیف دور کرے گا اللہ تعالیٰ اسکی قیامت کے دن کی مشکلات میں سے کوئی مشکل حل کرے گا اور جو شخص دنیا میں کسی تنگ دست کےلئے آسانی پیدا کرے گا اللہ تعالیٰ آخرت میں اس کےلئے آسانی پیدا فرمائے گا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ اسلام محبت اور عدم تشدد کا دین ہے۔ تمام اقوام اور معاشروں کو امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادر ی نے کہاکہ رمضان المبارک کے محدود ایام میں زیادہ سے زیادہ تلاوت قرآن پاک کی جائے اور عربی عبارت کو سمجھنے کی کوشش کی جائے ترجمے کے ساتھ تلاوت قرآن پاک سے باطنی سکون کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے نظامت دعوت و تربیت اور علماء کونسل کو ملک گیر دروس قرآن کا اہتمام کرنے پر جملہ سکالرز اور منتظمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ قرآن و سنت کی تعلیمات سے عامۃ الناس کو آگاہ کرنا بہترین خدمت اور عبادت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top