اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی نعمت عطا فرمائے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 01 جون 2019ء

اسلامی ممالک امن، خوشحالی کیلئے انصاف، مساوات، اعتدال کا راستہ اختیار کریں
اللہ کو شب بیدار عبادت گزار اور معافی کے طلبگار بندے پسند ہیں، شہر اعتکاف میں خطاب
شب قدر اللہ نے اپنی قابل قدر کتاب صاحب قدر رسولﷺکی معرفت نازل فرمائی
حضور نبی اکرم نے فرمایا ہزار مہینوں سے افضل عبادت والی رات کا تحفہ صرف میری امت کو ملا

International Spiritual Gathering (Laylatul Qadr) 2019

لاہور (یکم جون 2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شب قدر کے موقع پر منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کو شب بیدار عبادت گزار اور ہر وقت معافی کے طلب گار بندے پسند ہیں، شب قدر اللہ نے اپنی قابل قدر کتاب صاحب قدر رسولﷺکی معرفت نازل فرمائی، حضور نبی اکرم نے فرمایا اللہ نے ہزار مہینوں سے افضل عبادت والی رات کا تحفہ صرف میری امت کو عطاء کیا، اس رات ہدایت، دنیاوی آسودگی، اللہ کی خوشنودی اور گناہوں سے تائب ہونے کی دعا مانگنے والوں کو سب کچھ ملتا ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی نعمت عطا فرمائے، اسلامی ممالک پائیدار امن، خوشحالی، استحکام اور اطمینان کیلئے انصاف، مساوات اوراعتدال کا راستہ اختیار کریں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شب قدر ملاءکہ کا اس قدر کثرت کے ساتھ زمین پر نزول ہوتا ہے کہ زمین تنگ ہو جاتی ہے، اللہ کی رحمت بندوں کو بخشش اور ہدایت کیلئے پکارتی ہے۔ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو اپنی زندگی میں شب قدر پاتے ہیں اور پھر اللہ کی نعمتوں، رحمتوں اور برکتوں کے مستحق ٹھہرتے ہیں۔

شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین کے علاوہ مختلف مکتبہ فکر اور مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں کے رہنماءوں کی ایک بڑی تعداد نے منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں شب بیداری کی، انسانوں کا سمندر شہر اعتکاف میں امڈ آیا جہاں تل دھرنے کو جگہ نہ تھی، ہزاروں مردوخواتین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ایمان افروز، روح پرور خطاب سنا۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ ثناء خوان مصطفیﷺ نے بارگاہ سرور کونین ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے اور قراَ حضرات نے تلاوت قرآن کریم کی سعادت حاصل کی۔ 27 ویں کی شب ہزاروں مرد و خواتین جن میں بچوں کی ایک بڑی تعداد شامل تھی نے شہر اعتکاف میں سحری رکھی اور نماز فجر ادا کی۔

شہر اعتکاف میں پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری نے لیلۃ القدر کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب رسول اللہ ﷺ کو سابقہ امتوں میں لوگوں کی طویل عمروں کے بارے میں آگاہ فرمایا گیا تو آپ ﷺ نے خیال کیا کہ میری امت کے لوگوں کی عمریں تھوڑی ہونگی وہ زیادہ اعمال کیسے کر سکیں گےتو اس پر اللہ تعالیٰ نے شب قدر عطاء فرمائی، اس ایک رات کی عبادت ہزارمہینوں کی عبادت سے افضل ہے۔

حضور نبی اکرم ﷺ کا ارشاد پاک ہے کہ یہ مقدس رات اللہ تعالیٰ نے فقط میری امت کو عطاء فرمائی ہے، سابقہ امتوں میں سے یہ شرف کسی اور امت کو نہیں ملا، آپ ﷺ نے فرمایا ’’ جس شخص نے شب قدر میں اجر و ثواب کی امید سے عبادت کی اس کے سابقہ گناہ معاف کر دئیے جاتے ہیں ‘‘ انہوں نے کہا کہ جہاں لیلۃ القدر کی ساعتوں میں ذکر و فکر، عبادت و اطاعت کی تلقین کی گئی ہے وہاں اس بات کی طرف بھی متوجہ کیا گیا ہے کہ عبادت سے محض اللہ تعالیٰ کی خوشنودی مقصود ہو، ریا کاری یا بدنیتی نہ ہو اور آئندہ عہد کیا جائے کہ برائی کا ارتکاب نہیں کروں گا تو ایسی سوچ اور فکر والے اہل ایمان کیلئے یہ رات مغفرت کا پیغام بن جاتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top