پاکستان کے عوام قدرتی ٹیلنٹ سے مالا مال ہیں: گلاسگو میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی پاکستانی کمیونٹی سے گفتگو
منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے کے زیراہتمام گلاسگو میں مختلف شعبہ جات میں گرانقدر خدمات انجام دینے والی ممتاز پاکستانی شخصیات نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ملاقات کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صاحبزادہ حماد مصطفیٰ قادری، منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ جب قرآن کا سبق’لا تفرقو‘ اچھی طرح یاد کر لے گی تو زوال کمال میں بدل جائے گا۔ تفرقہ بازی اور نفاق امت مسلمہ کے اتفاق و اتحاد کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ امت حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرامین کے مطابق عملاً جسم واحد کا نمونہ بن جائے تو ہر قسم کی حق تلفی اور استحصال ختم ہو جائے گا۔ اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ یہ زوال اور فتنے کا دور ہے، قرآن و سنت نے ہر طرح کی رہنمائی فراہم کی ہے، علم ،تحقیق اور ٹیکنالوجی کا راستہ اپنا کر امت اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان کے عوام قدرتی ٹیلنٹ کی دولت سے مالا مال ہے۔ آج دنیا کے ہر ملک میں پاکستان کے ڈاکٹرز، انجینئرز، سائنسدان اور بزنس مین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ باصلاحیت پاکستانی شہری اپنے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ایک علمی، تحقیقی اور اصلاحی تحریک ہے۔ آج پاکستان میں سینکڑوں تعلیمی ادارے منہاج القرآن کی فکری رہنمائی میں کام کر رہے ہیں اور ان اداروں میں ہر سال ہزاروں نوجوان علم کے زیور سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ محب وطن اور دینی اقدار سے ہم آہنگ نسل کی تیاری منہاج القرآن کا عالمگیر کاوشوں کا مرکز و محور ہے۔
تبصرہ