کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام اینٹی ڈینگی مہم

طلبہ اور اساتذہ نے صفائی مہم میں حصہ لیا، پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک کا خطاب
اسلام واحد الہامی دین ہے جو صفائی کو نصف ایمان قرار دیتا ہے:ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی

لاہور (18 ستمبر2019) منہاج القرآن کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیر اہتمام اینٹی ڈینگی مہم کا آغاز کیا گیا، طلبہ کو ماحول صاف ستھرا رکھنے کی ترغیب دی گئی اور کلاس رومز، ہاسٹلز اور کالج سے ملحقہ ایریاز کی صفائی کی گئی۔

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام وہ واحد دین اور ضابطہ حیات ہے جس نے صفائی کو نصف ایمان قرار دیا ہے، اسلام ظاہری اور باطنی صفائی پر نہ صرف زور دیتا ہے بلکہ اس کا پورا لائحہ عمل بھی عطاء کرتا ہے، اسلام نے کھانے، پینے، اٹھنے، بیٹھنے، سونے، پہننے کے آداب کے بارے میں ہدایت اور رہنمائی مہیا کرتا ہے۔ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف اپنے تعلیمی ادارہ کی صفائی اور ماحول کا خیال رکھیں بلکہ اپنے گھروں اور محلہ کے اندر بھی صفائی کی ترغیب دیں اور صفائی کی اہمیت کو اجاگر کریں، بہت ساریاں بیماریاں پھیلنے کی ایک وجہ ماحول کو صاف نہ رکھنا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا کہ پنجاب حکومت اینٹی ڈینگی مہم چلارہی ہے، اس کی پرزور تائید و حمایت کرتے ہیں، حکومت کو چاہیے وہ اس حوالے سے بیداری شعور مہم کو اور تیز کرے تاکہ موسمی بیماریوں اور جان لیوا حشرات الارض سے نجات حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بیماریوں سے بچنے کے لیے جہاں حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے وہاں بیماریوں کے علاج معالجہ کے لیے ہسپتالوں میں جملہ سہولیات کی فراہمی بھی ضروری ہے، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے ماحول کی صفائی اور ڈینگی مہم میں بھرپور حصہ لینے پر کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلبہ اور پروفیسر ز کو مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top