منہاج یوتھ لیگ استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں میلاد مارچ کرے گی

جشن میلاد مصطفیﷺ کو امن، محبت اور عالمی بھائی چارے کے فروغ کے عزم کے ساتھ منائیں گے: مظہر علوی
جشن میلاد النبی ﷺ منانے والے سیرت النبی ﷺ کے ہر پہلو پرایمان رکھتے ہیں: صدر یوتھ لیگ
36ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں و انتظامات زور و شور سے جاری ہیں، اجلاس سے خطاب
منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان لاہور کے تمام داخلی راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائیں گے: فیصلہ

لاہور (24 اکتوبر 2019ء) منہاج یوتھ لیگ ماہ ربیع الاول کے استقبال کے سلسلے میں ملک بھر میں میلاد مارچ، مشعل بردار جلوس نکلالے گی، میلاد مارچ کا مقصد نوجوانوں میں حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ کی روشنی میں امن، محبت اور بھائی چارے کی تعلیمات کو عام کرنا ہے، منہاج یوتھ لیگ ملک بھر میں میلاد مہم کے سلسلے میں کیمپ لگائے گی، ملک کے تمام بڑے شہروں میں لگائے جانے والے کیمپوں میں لوگوں کو 36 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان لاہور میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ منہاج یوتھ لیگ جشن میلاد مصطفیﷺ کو امن، محبت اور عالمی بھائی چارے کے فروغ کے عزم کے ساتھ منائے گی۔

ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ مظہر محمود علوی نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سیکرٹری شہر اعتکاف جواد حامد نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی، اس موقع پر منصور قاسم اعوان، محسن مصطفوی، محسن شہزاد مغل، محمد ذیشان قادری، حاجی فرخ ودیگر بھی موجود تھے۔

مظہر علوی نے کہا کہ مینار پاکستان کے سبزہ زار پر ہونے والی 36ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں و انتظامات زور و شور سے جاری ہیں، لاہور سمیت ملک بھر سے ہزاروں نوجوان کانفرنس میں شرکت کر کے محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ سے عقیدت و محبت کا والہانہ اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی، مذہبی جماعتوں کے یوتھ ونگز کے رہنماؤں کو بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔ منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان لاہور کے تمام داخلی راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائیں گے، مختلف شہروں سے آنے والے قافلوں کو عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کے لیے رہنمائی دی جائے گی۔

مظہر علوی نے مزید کہا کہ میلاد النبیﷺ کی محافل اور عالمی میلاد کانفرنس کے انعقاد کے دینی کلچر کو فروغ دینے کے مقاصد میں سے ایک بڑا مقصد نوجوانوں میں حضور اکرم ﷺ کی ذات کے ادب کا شعور پیدا کرنا ہے، ذات مصطفی ﷺ سے محبت ہو گی تو ان کی تعلیمات کو سمجھنے اور عمل کرنے میں مدد ملے گی۔ جشن میلاد النبی ﷺ کا عمل مسلمانوں کو حضور اکرم ﷺ پر درود و سلام بھیجنے جیسے اہم ایمانی عمل کی طرف رغبت دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے، منہاج یوتھ لیگ پاکستان سمیت پوری دنیا میں نوجوانوں کے دلوں میں عشق مصطفی ﷺ کی شمعیں روشن کررہی ہے۔ جشن میلاد النبی ﷺ منانے والے سیرت النبی ﷺ کے ہر پہلو پرایمان رکھتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top