36 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان میں ہو گی: منہاج القرآن

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 36 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان میں ہی ہو گی۔ اس سے پہلے پنجاب حکومت نے باقاعدہ طور پر مینار پاکستان میں میلاد کانفرنس کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ تحریک منہاج القرآن کی مرکزی قیادت کے مطابق عالمی میلاد کانفرنس حسب سابق امسال بھی 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شپ 9 نومبر 2019ء کو بعد نماز عشاء مینار پاکستان کے سبزہ زار ہو گی۔ تحریک منہاج القرآن نے مینار پاکستان پر انتظامات کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ کانفرنس میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اور لاکھوں عشاقان مصطفیٰ و اہل اسلام شرکت کریں گے۔

ترجمان تحریک منہاج القرآن نور اللہ صدیقی کے مطابق تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 36ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان لاہور میں ہو گی، تیاریوں و انتظامات کےلئے سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس 4 نومبر کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں دن 11 بجے ہو گا۔

عالمی میلاد کانفرنس سے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری براہ راست خطاب کرینگے۔ کارکن آقا ﷺ کی ولادت کا جشن منانے کےلئے بھرپور تیاریاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ زمین و آسمان کی تخلیق اورساری نعمتیں تاجدار ختم نبوت ﷺ کے دم قدم سے ہیں۔

نور اللہ صدیقی نے مزید کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺنے انسانیت کو مساوات اور اخوت کا درس دیا آپکی زندگی انسانیت کیلئے اعلیٰ ترین نمونہ ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے اللہ کی توفیق سے ہر سال ولادت باسعادت کی نسبت سے عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد یقینی بنایا اور میلاد کلچر کو عام کیا اور عشق مصطفی ﷺ کی شمعیں گھر گھر، گلی گلی میں روشن کیں اور نوجوانوں کے دلوں کو سیرت النبی ﷺ اور عشق مصطفی ﷺ کی روشنی سے ہم آہنگ رکھا۔

عالمی میلاد کانفرنس میں اندرون و بیرون ملک سے بڑی تعداد میں علماء مشائخ و دیگر مذاہب کے نمائندے شرکت کرینگے۔ عالمی میلاد کانفرنس میں تمام مذاہب اور مسالک کے رہنماؤں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کا سٹیج بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی و قومی یکجہتی کا آئینہ دار ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کے پروگرامز، کانفرنسز کا انعقاد پیغمبر اسلام کی صورت میں میسر آنیوالی اللہ کی بیش قدر نعمت کے اظہار تشکر کا خوبصورت ذریعہ ہیں۔ پیغمبر امن حضرت محمد ﷺ نے غلام کو آقا کے برابر بٹھایا، عورتوں، مزدوروں، جانوروں، پرندوں سمیت کمزور طبقات کے حقوق متعین کئے اور نہیں باوقار سماجی مقام دیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top