اسلام نے حصول علم کو عبادت قرار دیا: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے فیصل آباد بورڈ میں اول پوزیشن ہولڈر کیلئے موٹر سائیکل کا تحفہ
منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے شرح خواندگی میں اضافہ اور باعزت روزگار کا ذریعہ ہیں
منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام 650 سکولوں میں 3 لاکھ طلبہ زیر تعلیم ہیں
سینکڑوں ہونہار طلبہ کو لاکھوں روپے کے فرید ملت سکالر شپ ایوارڈ دئیے گئے

لاہور (19 نومبر 2019ء) منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام فرید ملت سکالر شپ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خواب ہے کہ ہمارا تعلیمی نظام امام غزالی، مولائے روم، رازی،بوعلی سینا، جابر بن حیان اور قائد و اقبال جیسی نابغہ روزگار ہستیاں پیدا کرے۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں فیصل آباد بورڈ میں میٹرک کے امتحان میں منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے کے طالبعلم عمیر شاہد کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر موٹر سائیکل کا تحفہ دیا گیا اور پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے محمد حنظلہ کو لیپ ٹاپ کا تحفہ دیا گیا۔

فرید ملت سکالر شپ ایوارڈ کی تقریب سے خرم نواز گنڈاپور، راشد حمید کلیامی، کرنل (ر) مبشر احمد، نوراللہ صدیقی، احسن شہزاد، سہیل رضا، پروفیسر رفیق سیال، سید امجد علی شاہ، سیف اللہ بھٹی، علی وقار، ناصر اقبال ایڈووکیٹ و دیگر نے خطاب کیا۔

خرم نواز گنڈاپور نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو قومیں آزادی کی نعمت سے محروم ہیں آزادی کی قدر ان سے پوچھیں۔ انہوں نے پوزیشن ہولڈر طلبا،طالبات اور اساتذہ کو مبارکباد دی۔

راشد حمید کلیامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے تعلیم و تربیت کے ساتھ بچوں کو حلال، حرام کے بارے میں بھی بتاتے ہیں، ہم انہیں بتاتے ہیں کہ حلال کا ایک سو روپیہ حرام کے 100 روپے سے بڑا ہوتا ہے۔ حرام کا 100 روپیہ جلد ختم ہو جاتا ہے جبکہ حلال کے ایک سو روپے میں برکت ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر میں قائم 650 سکولوں میں 3لاکھ سے زائد طلباو طالبات زیر تعلیم ہیں جنھیں 10 ہزار سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ زیور علم سے آراستہ کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے شرح خواندگی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ پڑھے لکھے نوجوانوں کے لئے باعزت روزگار کا ذریعہ بھی ہیں۔

سٹیج سیکرٹری کے فرزانہ چودھری نے انجام دیئے، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پاکستان کی طرف سے لاہور زون کے 68 بچوں کو فرید ملت سکالر شپ ایوارڈ دیا گیا اور اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو بھی انعامات اور ایوارڈز سے نوازا گیا۔

تقریب میں بچوں نے کشمیر کاز پر ٹیبلو پیش کیا۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی طرف سے ہونہار بچوں کو 8 لاکھ روپے سے زائد کے سکالر شپ دئیے گئے۔ ہونہار طلبہ کی مالی معاونت اور تعلیم کے فروغ کے لیے ہمدردانہ کردار ادا کرنے پر معروف کاروباری شخصیات شمشاد احمد صدیقی، عامر لطیف، حاجی محمد رفیق، تنویر احمد، محمد حسیب، چودھری غلام مرتضیٰ، حفیظ الرحمن خان کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے انعامات حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی،انہوں نے کہا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی اساتذہ کی جدید تربیت کے ساتھ طلبہ کو جدید نصاب سے بھی ہم آہنگ رکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ ایم ای ایس کا شعبہ نصاب اپنے قیام سے اب تک 105 سے زائد کتب کی تدوین کرچکا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top