عوامی تاجر اتحاد کابزنس مین فرنٹ اور ایف پی سی سی آئی کے رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ
تاجر معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہیں، ڈاکٹر حسن محی الدین کا عشائیہ سے خطاب
بزنس مین فرنٹ کے چیئرمین امجد چودھری، خرم نواز گنڈاپور، عثمان غنی و دیگر کا خطاب
حاجی اسحاق، الطاف رندھاوا، راشد چودھری نے تاجر رہنماؤں کو خوش آمدید کہا
لاہور (7 دسمبر 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے ٹریڈر زونگ عوامی تاجر اتحاد کی طرف سے لاہور بزنس مین فرنٹ اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس انڈسٹری کے رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کے استحکام، بیروزگاری کے خاتمے اور فلاح عامہ کے حوالے سے مرکزی کردار کی حامل ہے، حکومت اور ان کے متعلقہ اداروں کو تاجر برادری کی جائز شکایات کے ازالے کو اپنی ترجیحی فہرست میں سرفہرست رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے حقیقی نمائندے تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے اپنا مثبت اور متحرک کردار ادا کریں گے تو تاجر برادری کا کوئی مسئلہ حل طلب نہیں رہے گا، انہوں نے لاہور بزنس مین فرنٹ کے چیئرمین امجد چودھری اور جملہ رہنماؤں کی تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد اور عزم کو سراہا۔ اس موقع پر بزنس مین فرنٹ کے چیئرمین امجد چودھری نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کے حالیہ انتخابات میں عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں اور ممبران نے بھرپور ساتھ دیا، ہم اظہار تشکر کے لیے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خانہ کعبہ کے سامنے بیٹھ کر یہ اللہ سے وعدہ کیا ہے کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے کسی مصلحت اور لالچ کا شکار نہیں ہوں گا۔
عوامی تاجر اتحاد کے چیئرمین حاجی محمد اسحاق، صدر الطاف رندھاوا، سیکرٹری جنرل راشد چودھری نے لاہور بزنس مین فرنٹ کے چیئرمین اور رہنماؤں کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہا۔ عشائیہ میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، جی ایم ملک، جواد حامد، شہزاد رسول، قاضی فیض الاسلام نے بھی شرکت کی۔ لاہور بزنس مین فرنٹ کے رہنماؤں سردار عثمان غنی، میاں جاوید علی، سید عظمت علی شاہ، راجہ حسن اختر، طاہر ملک، شیخ فضل الٰہی، چودھری سلطان محمود، ریاض تاجک، نبیل محمود، جاسم صدیق، آغا افتخار احمد، ساجد عزیز میر، مسعود عالم بٹ، آصف خان، عاطف امین نے عشائیہ کا اہتمام کرنے اور لاہور چیمبر آف کامرس کے الیکشن میں بھرپور تعاون کرنے پر عوامی تاجر اتحاد کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر تاجر برادری کو منہاج القرآن کے عالمگیر تنظیمی نیٹ ورک، مفاد عامہ کے منصوبہ جات اور آئندہ کے اہداف سے متعلق ڈاکومنٹری دکھائی گئی جسے تاجر برادری نے بے حد سراہا۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امہ مسلمہ اور انسانیت کے لیے گرانقدر خدمات انجام دے رے ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے تاجر رہنماؤں کو یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کے ادارہ آغوش آرفن کیئر ہوم، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، منہاج یونیورسٹی لاہور اور دیگر انسانی خدمت کے اداروں کے تفصیلی وزٹ کی دعوت دی جو تاجر رہنماؤں نے قبول کی۔ اس موقع پر لاہور بزنس مین فرنٹ کے چیئرمین امجد چودھری نے منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ لینے کا اعلان بھی کیا جس پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے انہیں مبارکباد دی۔ عشائیہ کے اختتام پر راشد چودھری کے والد کے انتقال پر تاجر رہنماؤں نے ایصال ثواب کے لیے دعائے خیر بھی کی۔
تبصرہ