منہاج القرآن ویمن لیگ ”وائس“ کے زیراہتمام سہ ماہی آگاہی مہم کا آغاز

مختلف شعبہ جات کی ماہر خواتین آن لائن تربیتی نشستوں میں لیکچرز دیں گی
صحت، کیریئرکونسلنگ اور ویمن امپاورمنٹ کے موضوعات شامل ہیں، عائشہ مبشر
خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کئے بغیر کوئی ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا، کوآرڈینیٹر
گلوبل وارمنگ، ورک پلیس ہراسمنٹ، کم عمری کی شادی کے موضوعات پر بھی لیکچرز ہونگے

لاہور (23 ستمبر 2020ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی فورم ”وائس“کی طرف سے سہ ماہی آگاہی و بیداری شعور مہم کا آج سے آغاز ہو رہا ہے، ”وائس“نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں قابل ذکر خدمات انجام دینے والی خواتین کے علم، تجربے اور مشاہدہ سے استفادہ کرنے کے لئے سہ ماہی آن لائن سیشنز کا اہتمام کیا ہے۔ ”وائس“ کی یہ آگاہی مہم ستمبر 2020ء سے شروع ہو کر دسمبر 2020ء تک جاری رہے گی۔ نائب ناظمہ ویمن لیگ اور پروگرام کی کوآرڈینیٹر عائشہ مبشر نے ”وائس“ کی بیداری شعور و آگاہی مہم کے بارے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کو ”Awareness is empowerment“ کا نام دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت خواتین کو سماجی، معاشی، ثقافتی استحصال سے بچایا اور کیریئر کونسلنگ وطبی حوالے سے ایکسپرٹس کے ذریعے انتہائی مفید معلومات مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے کامیاب پروفیشنلز خواتین کو ان فیملیز کے ساتھ جوڑا جائے گا جنہیں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے حوالے سے رہنمائی اور مدد کی ضرورت رہتی ہے، نالج شیئرنگ سے سماجی فاصلوں کو کم سے کم کیا جائے گا۔

عائشہ مبشر نے بتایا کہ ہیلتھ ایکسپرٹس، فزیشنز، وکلاء، کیریئر کنسلٹنٹس پر مشتمل پینل اس آگاہی پروگرام کا حصہ ہوں گے، سہ ماہی آگاہی پروگرام کے تحت ایک ہزار خواتین کو ایجوکیٹ اور متحرک کیا جائے گا، باہمی تعاون سے ترقی کی منازل طے کرنے کے اس پروگرام کو چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور نائب صدر ایم کیو آئی بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کی سرپرستی اور رہنمائی حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سہ ماہی آگاہی سیشنز میں سماجی معلومات، صحت کے متعلق معلومات، لیڈر شپ ٹریننگ سیشن بھی منعقد کئے جائیں گے اور خواتین کو اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ اپنے مسائل کو سمجھ سکیں اور انہیں حل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا حصہ ایکسپرٹس خواتین کو قومی ایشوز پر بھی رہنمائی مہیا کریں گے تاکہ خواتین اپنے اطراف میں ہونے والی تعلیمی، سماجی، معاشی تبدیلیوں اور رجحانات سے بھی باخبر رہ سکیں۔ عائشہ مبشر نے کہا کہ معلومات کے تبادلہ اور نالج شیئرنگ سے ہم پائیدار امن اور ترقی کے اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”وائس“ کے اس آگاہی پروگرام میں منہاج القرآن اور اس کے ذیلی فورمز سے وابستہ فیملیز کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کی خواتین بھی شریک ہو سکتی ہیں، اس ضمن میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی فیلڈز میں کام کرنے والی ذمہ داران سے بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معلومات کے لئے منہاج القرآن ویمن لیگ اور وائس کے فیس بک پیجز بھی وزٹ کئے جا سکتے ہیں۔

عائشہ مبشر نے بتایا آگاہی مہم کے اس پروگرام کے دائرہ کار کو بتدریج بڑھایا جائے گا اور ان اہداف پر کام کرنے والی این جی اوز سے بھی انٹرایکشن کیا جائے گا اور ہم ہر سال ایک میگا ایونٹ منعقد کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبادی کے نصف کو تعلیم و ترقی کے دھارے میں شامل کئے بغیر ترقی کا کوئی ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ دوران گفتگو انہوں نے بتایا کہ آگاہی پروگرام کے لئے جن موضوعات پر مشاورت کی جا چکی ہے ان میں:

  1. ورک پلیس پر خواتین کو ہراساں کئے جانے کے منفی رجحان کا خاتمہ
  2. آزادی اور قواعد و ضوابط
  3. گلوبل وارمنگ اور غربت
  4. پاکستان کی تعمیر میں خواتین کا کردار
  5. فیشن ٹرینڈز
  6. رول آف ٹرانس جینڈراور ان کی فلاح
  7. ویمن امپاورمنٹ
  8. کم عمری کی شادی
  9. خاندانی، علاقائی روایات کی اہمیت
  10. روایات اور ثقافت میں ہم آہنگی

جیسے موضوعات شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس آگاہی پروگرام میں خواتین کی صحت کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے جس میں کمر درد، کورونا وائرس سے بچاؤ اور اس کا علاج، متوازن غذا، صحت مند خوراک، ذیابیطس، جلد کی بیماریاں اور ان کی حفاظت، ڈپریشن سے بچاؤ جیسے طبی موضوعات بطور خاص شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن آگاہی پروگرام کی ہیڈ مریم شریف جبکہ کوآرڈینیٹر میں ہوں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top