شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا السید یوسف بن محمود حسام الدین القادری الگیلانی البغدادی کے انتقال پر اظہار تعزیت

لاہور(12 اکتوبر 2020ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی البغدادی کے برادر اَکبر السید یوسف بن محمود حسام الدین القادری الگیلانی البغدادی کے انتقال پر دلی رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے، جو کہ گزشتہ روز عراق (بغداد) میں انتقال فرما گئے تھے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ سیدی و مرشدی حضور قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤ الدين القادری الگیلانی البغدادی علیہ الرحمۃ والرضوان کے بردار اکبر شہزاداہ ٔ غوث الوریٰ السید يوسف بن سید محمود حسام الدین القادری الگیلانی کی وفات حسرت آیات کی خبر سن کر دلی صدمہ پہنچا ہے۔ إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔ آپ حضور شیخ الکل غوث الثقلین سیدنا شیخ عبد القادر الجيلانی رضی اللہ تعالی عنہ کے خانوادہ کے عظیم فرزند، بغداد شریف کی خانقاہ قادریہ کے سجادہ نشین اور متولی االاوقاف القادریہ تھے ۔ آپ کی رِحلت خانوادہ ٔ گیلانیہ کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان تو ہے ہی لیکن آپ کے انتقال پُر ملال سے پوری ملتِ اسلامیہ ایک عظیم روحانی شخصیت سے محروم ہو گئی ہے۔ آپ نے درگاہ قادریہ کی جانشینی کے زرّیں عہد میں مخلوقِ خدا کی اِصلاحِ اَحوال اور رُشد و ہدایت کی گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ اللہ تعالی خانوادہ ٔ گیلانیہ کے متوسلین، متعقدین اور محبین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔ دین و ملت کے لیے ان کی ہمہ گیر خدمات کو قبول فرمائے، اپنی رحمت ورضا نصیب فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ منہاج القرآن کے جملہ ذمہ داران، عہدیداران، کارکنان غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہا رکرتے ہیں اور اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top