منہاج یونیورسٹی لاہور اور انٹرفیتھ ریلیشنز کے زیراہتمام کرسمس تقریب

تقریب میں مسیحی مذہب کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی، کرسمس کیک کاٹا گیا
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی مسیحی قوم کو مبارکباد
تقریب میں ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، ڈاکٹر ہرمن روبوغ، ڈاکٹر فادر جیمز چنن، آرچ بشپ سبسٹین شاہ کی شرکت
ڈائریکٹر سہیل احمد رضا اور سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد خان نے مسیحی رہنماؤں کو یونیورسٹی میں خوش آمدید کہا
اسلام مذاہب عالم کے احترام کی تعلیم دیتا ہے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی گفتگو

Christmas Ceremony under Minhaj University Lahore

لاہور (19 دسمبر 2020ء) منہاج یونیورسٹی لاہور میں انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام کرسمس تقریب کا انعقاد ہوا۔ ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، ڈاکٹر ہرمین روبوغ، ڈاکٹر فادرجیمز چنن، آرچ بشپ سیبسٹین شاہ، بشپ عرفان جمیل، ڈاکٹر مجید ایبل، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا، شہزاد خان و دیگر مسلم، مسیحی رہنماؤں، ڈینز، فکیلٹی ممبران نے کرسمس کا کیک کاٹا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسیحی برادری کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام رواداری اور محبت کا درس دیتا ہے۔ تمام پیغمبر جو اللہ کریم نے دنیا میں بھیجے انہوں نے انسانیت اور حقوق العباد کی تعلیم دی۔ اگر حقوق العباد اور انسانیت نہیں ہوگی تو کوئی بھی دین لوگوں کے دلوں پر اثر نہیں کر سکے گا۔ امن، بھائی چارے، مساوات اور معاشی و معاشرتی عدل قائم کرنے میں مذاہب کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ دین اسلام نے رواداری اور محبت کا درس دیا ہے۔ ہمیں اپنی دینی تعلیمات پر صحیح معنوں میں عمل کرنا چاہیے، اس وقت ضرورت یہ ہے کہ محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ اور حضرت عیسیٰ علیہ اسلام کی تعلیمات و پیغامات پر عمل کیا جائے، اس سے نفرتوں کا خاتمہ ہوگا اور دنیا میں امن قائم ہوگا۔ حضرت عیسی علیہ السلام کی تعلیمات انسانیت کی رہنمائی اور پر امن معاشرے کی تشکیل کیلئے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ریاست مدینہ کے اسلوب پر بین المذاہب مکالمہ کی ضرورت و اہمیت کی ہر فورم پر حمایت کی۔ دنیا کا امن بین المذاہب روادای کے فروغ میں ہے۔ دنیا کا کوئی مذہب انسانوں سے نفرت کرنا نہیں سکھاتا۔

منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے مسیحی برادری کو اہم تہوار پر مبارکباد دی اور کہا کہ کرسمس کا تہوار امن و محبت کا پیغام دیتا ہے۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے کہا کہ اسلام ایک پُرامن دین ہے جو سلامتی، محبت اور اخوت کی بات کرتا ہے۔ انہوں نے تقریب میں شرکت پر مسیحی مذہب کے تمام رہنماؤں کو منہاج یونیورسٹی لاہور میں خوش آمدید کہا۔

سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل شہزاد خان نے کہا کہ منہاج القرآن بین المذاہب رواداری کو فروغ دینے کی عالم اسلام کی سب سے بڑی تحریک ہے۔

ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ سکول آف مذہب و فلسفہ ڈاکٹر ہرمین روبوغ نے بھی مہمانوں کا بطور خاص شکریہ ادا کیا اور منہاج القرآن کی امن عالم کیلئے خدمات کو سراہا۔

ڈائریکٹر پیس سنٹر (ایل ایچ آر)، ڈاکٹر ایف۔ جیمز چنن نے کہا کہ کرسمس امن و محبت کا پیغام ہے اور ہمیں آج کے دن بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور آپس میں محبتیں بانٹنے کا عہد کرنا چاہیے۔ یسوع مسیح کی تعلیمات میں امن ملتا ہے، ہمیں دنیا میں امن کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ نفرتوں کا خاتمہ ہو سکے۔

لاہور کیتھولک چرچ کے ڈائیسیس ڈاکٹر آرچ بشپ، سیبسٹین شاہ نے کہا کہ بائبل کا اصل پیغام امن، محبت اور بھائی چارہ ہے۔ کرسمس امن، محبت اور امید کا پیغام دیتا ہے۔ کرسمس کا تہوار ہمیں یہی سکھاتا ہے کہ ہم دوسروں کا احترام کریں۔ کرسمس محبت کا تہوار ہے اور یہ محبت سب کیلئے ہے۔ یسوع کی تعلیمات یہی ہیں کہ ایک دوسرے کا احترام کریں، ایک دوسرے کو قبول کریں تاکہ امن قائم ہو سکے۔

بشپ عرفان جمیل نے کہا کہ اسلام اور عیسائیت کی تعلیمات امن اور بھائی چارے کی ہیں۔ منافقت، افراتفری اور الزام تراشی سے بچنے کے لئے امن و محبت کے پیغام کو عام کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر مجید ایبل، ماڈریٹر پریسبیٹیرین چرچ نے کرسمس کی شاندار تقریب کے انعقاد پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، منہاج یونیورسٹی کی انتظامیہ، پروفیسرز، ڈینز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ امن و محبت کی بات کی ہے اور بین المذاہب رواداری کے پیغام کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات سے رواداری اور امن و محبت کو فروغ ملتا ہے۔

تقریب میں ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے یونیورسٹی کے مسیحی ملازمین میں کرسمس کے تحائف تقسیم کیے۔ تقریب کے اختتام پر کورونا وبا کے خاتمے ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top