علامہ سید جواد نقوی کا منہاج یونیورسٹی لاہور کا دورہ، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات

سکول آف پیس اینڈ کاؤنٹر ٹیررازم منہاج یونیورسٹی کی انفرادیت ہے
”منہاج یونیورسٹی لاہور کی تعلیمی خدمات کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا گیا“

لاہور (7 جنوری 2021) ادارہ العروۃ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے منہاج یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا اور ڈپٹی چیئرمین بورڈ گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، حوزہ علمیہ، عروۃ الوثقیٰ کی سینئر مینجمنٹ بھی موجود تھی۔

سید جواد نقوی نے منہاج یونیورسٹی لاہور کے مختلف ڈیپارٹمنٹس اور دفاتر کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر سید جواد نقوی کو بتایا گیا کہ منہاج یونیورسٹی پرائیویٹ سیکٹر کی واحد یونیورسٹی ہے جس نے ”کووڈ 19“ کی وباء کے دوران طلباء کو فیسوں میں رعایت دی، انہیں بتایا گیا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور مستحق طلباء کو فیسوں کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے رعایت دی جاتی ہے جبکہ تعلیمی وظائف اس کے علاوہ ہیں۔ تعلیم کے شعبے میں مثالی خدمت پر منہاج یونیورسٹی لاہور کو ملائیشیا میں ایوارڈ سے بھی نوازا گیا جو پرائیویٹ سیکٹر میں کسی بھی پرائیویٹ یونیورسٹی کا پہلا اعزاز اور ایوارڈ ہے اور جس کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔

دورہ کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے سید جواد نقوی نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور کے تعلیمی ڈگری پروگرامز عصری ضروریات سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے ”سکول آف پیس اینڈ کاؤنٹر ٹیررازم“ کو منہاج یونیورسٹی کا امتیاز اور انفرادیت قرار دیا۔ اس وزٹ کے دوران سہیل احمد رضا، شہزاد احمد خان، میجر ریٹائرڈ سلیمان، راشد حمید کلیامی اور علی وقار قادری بھی موجود تھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top