منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ’’پیغام امام حسین علیہ السلام اور اتحاد امت کانفرنس‘‘ - محرم الحرام 2022
واقعہ کربلا بیداریِ شعور کی داستانِ مسلسل ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
کانفرنس سے علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، مفتی مبشر نظامی، مفتی شبیر انجم قادری، علامہ میر آصف اکبر اور علامہ اشفاق چشتی کا خطاب
لاہور (9 اگست 2022) منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام شب عاشور ’’پیغام امام حسین علیہ السلام و اتحاد اُمت کانفرنس‘‘ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقد ہوئی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ واقعہ کربلا بیداری شعور کی داستان مسلسل ہے، امام عالی مقام نے جان کا نذرانہ پیش کر کے انسانیت کو سچ کے ساتھ جینے کا شعور دیا، امام عالی مقام نے کربلا میں دین کے لیے مرنا سکھایا اور کربلا سے پہلے دین کے لیے جینا سکھایا۔
انہوں نے کہا شہادت کے بعد بھی امام عالی مقام کے لب اقدس پر تلاوت قرآن جاری تھی کیونکہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا تھا کہ قرآن اور میری عترت کبھی ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوں گے یہاں تک کہ حوض کوثر پر میرے ساتھ آ ملیں گے، اور آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا میرے بعد قرآن اور میری عترت سے جڑے رہنا کبھی گمراہ نہیں ہو گے، اہل بیتِ اطہار علیہم السلام سے محبت ایمان کا بنیادی تقاضا ہے۔ محدثین، مفسرین اور مؤرخین نے بہ کثرت بیان کیا ہے کہ حسنین کریمین علیہما السلام شبیہِ اَخلاق مصطفیٰﷺ تھے۔ ان کی پاک دامنی، عمدہ کردار، اعلیٰ اخلاق، تقویٰ و طہارت، زہد و ورع، سخاوت و دریا دلی سب پر خُلقِ مصطفیﷺ کی چھاپ تھی۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس میں خصوصی شرکت پر علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، مفتی مبشر نظامی، مفتی شبیر انجم قادری، اسامہ شاہ بخاری کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
علامہ سید ضیا اللہ شاہ بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر اہم موقع پر منہاج القرآن کے پلیٹ فارم اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے پورے پاکستان کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام سے بے اندازہ محبت کی وجہ سے میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے محبت کرتا ہوں منہاج القرآن والوں کے ہاتھوں میں امام حسین علیہ السلام کی محبت کا پرچم ہے اور محبت و مودت کا یہ پرچم پوری دنیا میں لہرا رہا ہے۔
علامہ حافظ کاظم رضا نقوی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری کائنات میں پیغام امام حسین علیہ السلام پہنچانے والے کا نام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہے، منہاج القرآن نے ہمیشہ دلوں کو جوڑا اور حریت و صداقت کے حسینی پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچایا۔
علامہ شبیر انجم قادری نے کہا کہ محبت اہل بیت علیہم السلام روح ایمان ہے، جس جسم میں روح نہ ہو وہ مردہ ہے اسی طرح نواسۂ رسول کی محبت اور شہداء کربلا کے غم سے خالی دل مردہ ہیں، انھوں نے کہا کہ منہاج القرآن کا مرکزی سیکرٹریٹ اتحاد و یگانگت اور محبت اہل بیت کا مرکز ہے ۔
علامہ مبشر نظامی نے شان اہل بیت علیہم السلام میں منظوم اظہار عقیدت پیش کیا اور کہا کہ تمام مکاتب فکر اسلام کے پھول ہیں، منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ان پھولوں کو اکٹھا کرکے اسلام کا خوبصورت گلدستہ بنا دیا ہے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے "پیغام امام حسین علیہ السلام اور اتحاد امت" کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ ایڈمنسٹریشن جواد حامد، مرکزی ناظم علماء کونسل علامہ میر آصف اکبر، علامہ اشفاق چشتی کو مبارکباد دی۔
پیغام امام حسین علیہ السلام اور اتحاد امت کانفرنس میں راجہ زاہد محمود، محمد رفیق نجم، علامہ سید فرحت حسین شاہ، سید الطاف حسین شاہ، سید مشرف حسین شاہ، نوراللہ صدیقی سہیل رضا، سرور صدیق، علامہ خلیل حنفی، صوفی مقصود قادری، حاجی منظور حسین، شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق، سدرہ کرامت، ام حبیبہ اسماعیل و دیگر قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔
کانفرنس میں قاری عطاء المنان وارثی اور قاری خالد حمید کاظمی نے تلاوتِ قرآن مجید کی سعادت حاصل کی اور محمد افضل نوشاہی اور ملک پاکستان کے مقبول و معروف ثنائے اہل بیت اطہار محمد آصف مغل، ثنا خوان مصطفی ظہیر عباس بلالی برادران، شکیل احمد طاہر، امجد علی بلالی برادران نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔کانفرنس میں گوشۂ درود کے گوشہ نشینان، مرکزی قائدین، تحریک منہاج القرآن لاہور کے قائدین اور لاہور سے رفقاء و کارکنان اور خواتین سمیت عشاقانِ رسول ﷺ اور محبانِ اہلِ بیت اطہار علیہم السلام کی بڑی تعداد شریک تھی۔کانفرنس میں ویمن لیگ، ایم ایس ایم، یوتھ لیگ کے کارکنان و ذمہ داران بڑی تعداد میں شریک تھے۔ کانفرنس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، تحفظ اور اتحاد امت کے لیے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے دعا کروائی۔
گوشہ درود کی مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ
کانفرنس میں گوشۂ درود کے نظام کے تحت ماہ جولائی 2022ء میں پڑھا گیا درود پاک بھی پیش کیا گیا، جس کے مطابق ماہ جولائی 2022ء میں گوشہ درود کے نظام کے تحت 95 کروڑ 24 لاکھ 45 ہزار 752 مرتبہ درود پاک پڑھا گیا جبکہ اب تک مجموعی طور پر پڑھے گئے درود پاک کی تعداد 5 کھرب 24 ارب 58 کروڑ 10 لاکھ 9 ہزار اور 800 ہو گئی ہے۔
تبصرہ