شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی بنگلہ دیش میں شائع ہونے والی کتب کی تقریبِ رونمائی
کام یابی صرف قرآن اور صاحبِ قرآن کی پیروی میں ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
لاہور (15 اکتوبر 2022ء) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی بنگلا دیش میں نئی طبع ہونے والی چار کتب کی تقریبِ رونمائی ڈھاکہ کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ نئی کتب میں عرفان القرآن (انگریزی ترجمۂ قرآن)، عرفان القرآن (بنگالی ترجمہ قرآن)، سیرتِ نبوی ﷺ کا اصل خاکہ (انگریزی ورژن) اور سیرتِ نبوی کا اصل خاکہ (بنگالی ترجمہ) شامل ہیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے گفتگو کرتے ہوئے قرآن اور صاحبِ قرآن کا باہمی تعلق واضح کیا۔ انہوں نے کہا آج اُمتِ مسلمہ بالخصوص اور جملہ اِنسانیت بالعموم اپنی پریشانیوں سے نجات اور دنیا و آخرت میں کام یابی چاہتی ہے تو انہیں قرآن اور رسول اکرم ﷺ کا دامنِ ہدایت تھامنا ہوگا۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات ستودہ صفات سے ہمارا تعلق صرف حبی و عشقی نہیں بلکہ عملی و تنفیذی ہونا چاہیے اور زندگی کے ہر گوشے اور ہر پہلو میں آپ ﷺ کی پیروی کو یقینی بنائے بغیر سکون و کام یابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔
ڈاکٹر حسن قادری نے زور دے کر یہ بات کہی کہ حضور ﷺ کی سیرتِ اَقدس کو پڑھے، سمجھے اور نافذ کیے بغیر حقِ مسلمانی ادا نہیں ہوسکتا۔ اللہ تعالی نے اپنے حبیب مکرم ﷺ کو رول ماڈل کا درجہ دیا ہے۔ جب تک رول ماڈل کی کامل پیروی نہیں کریں گے، ہم بھٹکتے رہیں گے۔ انہوں نے اُسوۂ حسنہ سے چند مثالیں اور واقعات بیان کرکے حاضرین و سامعین کے دل موہ لیے۔
تقریب میں کتب کے علاوہ منہاج القرآن پاکستان کی جانب سے منہاج انٹرنیٹ بیورو کی تیار کردہ نئی موبائل ایپلی کیشن ’’عرفان القرآن‘‘ بھی لانچ کی گئی۔ اس ایپلی کیشن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ترجمۂ قرآن مجید پانچ زبانوں میں شامل ہے۔ اب اس میں بنگالی ترجمہ عرفان القرآن بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ موبائل ایپلی کیشن میں قرآن مجید کو ترجمہ کے ساتھ پڑھنے، سننے، تلاش کرنے، بک مارکس بنانے، نوٹس لکھنے، کاپی کرنے، شیئر کرنے جیسی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔
تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطابات کیے، انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تجدیدی و اِحیائی خدمات کو خوب سراہا اور ان کی فقید المثال، ہمہ جہتی اور آفاقی مساعی کو زبردست انداز سے خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نئی طبع ہونے والی کتب کے نمایاں خصائص پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے مہمانوں میں پروفیسر ڈاکٹر عبد اللہ المعروف المدنی الازہری (منہاج القرآن ڈھاکہ ڈویژن کے ایڈوائزر اور OIC کی بین الاقوامی اسلامی فقہ اکیڈمی میں بنگلا دیش کے نمائندہ)، شیخ خندکر غلام مولا نقشبندی (بنگلا دیش کی حکمران جماعت عوامی لیگ کے مشیر، مذہبی اُمور کی ذیلی کمیٹی کے چئیرمین اور اسلامک فاؤنڈیشن بنگلا دیشن کے بورڈ آف گورنرز کے سابق چیئرمین)، بنگلا دیش کے معروف شاعر اور سب سے بڑے روزنامے ڈیلی انقلاب کے ایگزیکٹو ایڈیٹر علامہ روح الامین خان، پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمان میازی (امریکی بنگلا دیش یونی ورسٹی کے ایکٹنگ وائس چانسلر اور یونی ورسٹی آف ڈھاکہ کے شعبہ اسلامی تاریخ و ثقافت کے سابق چیئرمین)، محمد الامین (ایڈیشنل سیکرٹری پبلک ایڈمنسٹریشن)، ڈاکٹر اے۔ کے۔ ایم محبوب الرحمان (فرید گنج موزیدیا کامل مدرسہ چاند پور کے پرنسپل اور بنگلا دیش جمعیت المدرسین کے نائب صدر)، ڈاکٹر نذر الاسلام المعروف المدنی (پرنسپل دار العلوم حسینیہ کامل مدرسہ، ڈھاکہ)، ڈاکٹر عبد الباطن میاجی (سویڈن)، شاہین الاسلام (جوائنٹ سیکرٹری، وزارتِ قانون و اِنصاف اور پارلیمانی افیئرز)، پروفیسر ڈاکٹر محمد نور النبی (ایشن یونی ورسٹی آف بنگلا دیش)، ڈاکٹر محمد احسان الہادی (ایسوسی ایٹ پروفیسر، یونی ورسٹی آف ڈھاکہ)، ڈاکٹر محمد اشرف العالم (ڈپٹی سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن، حکومت بنگلا دیش)، ڈاکٹر قاضی صائم الزمان (ایڈیشنل ڈپٹی مجسٹریٹ، جیسور)، ڈاکٹر محمد مختار حسین (مینیجنگ ڈائریکٹر، فرازی اسپتال ڈھاکہ)، مولانا حافظ محمد حفیظ الرحمان (خطیب گلشنِ زامع مسجد ڈھاکہ)، انجینئر غلام مصطفی واصف (مینیجنگ ڈائریکٹر فنٹکس لمیٹڈ) اور امریکہ سے انجینئر مقصود محمد ناصر (چئیرمین منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن اور مینیجنگ ڈائریکٹر منہاج پبلی کیشن بنگلادیش) و دیگر شامل تھے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تقریب میں شریک مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور منہاج القرآن بنگلا دیش کے تمام ذمہ داران کو عظیم خدمات پر مبارک باد بھی پیش کی۔
تبصرہ