تحریک منہاج القران اصلاحِ احوال، تجدید و احیاءِ دین اور فروغِ امن کی تحریک ہے: شیخ الاسلام کا 42ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب
تحریک منہاج القرآن کے 42 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 42 سال قبل تجدید و احیاء دین، ترویج و اشاعت اسلام اور اصلاحِ احوال امت کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے امت کی فکری و نظری، اخلاقی و روحانی اور تحریکی و تنظیمی تربیت کا بیڑا اٹھاتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی۔ اِس کا مقصد دینِ اِسلام کی جدید سائنسی، علمی و عملی اور روحانی presentation کے ذریعے دین اسلام کا حقیقی پیغام لوگوں تک پہنچانا اور اُنہیں دین اسلام کی امن و سلامتی پر مبنی آفاقی تعلیمات سے رُوشناس کرانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القران کا باقاعدہ آغاز آج سے 42 سال قبل کیا گیا تھا، 42 سال کے مختصر عرصہ کے دوران تحریک کا دنیا بھر میں فروغ انسانی کاوش کا نتیجہ نہیں ہے، اس مصطفوی مشن کو اللہ اور اس کے رسول کی تائید و توفیق میسر ہے۔ منہاج القرآن کا پہلا دستور میں نے اپنے ہاتھوں سے لکھا تھا اور اس میں، مَیں نے بطور خاص درج کیا تھا کہ تحریک کے مالی معاملات میں، مَیں کسی قسم کا کوئی دخل نہیں دوں گا اور اس کے جملہ معاملات فنانس کمیٹی دیکھے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تاجدارِ کائنات ﷺ کی آمد کے بعد نبوت کا سلسلہ بند ہو گیا اور تجدید دین، اصلاحِ احوالِ امت اور ترویج و اشاعتِ اسلام کے لیے اللہ تعالیٰ مجدِد دین کو فریضہ سونپتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن اس صدی میں تجدیدِ دین، اصلاحِ احوالِ امت، فروغ عشق مصطفیٰ ﷺ کی تحریک ہے، منہاج القرآن اسلام کی 1400 سو سالہ علمی، فکری اور روحانی تاریخ کی امین تحریک ہے۔
یومِ تاسیس کی مرکزی تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور سمیت تحریک منہاج القرآن کی پہلی ایگزیکٹو کونسل کے ممبران الحاج محمد صدیق قادری، شیخ محمد اسلم قادری، محمد اقبال مصطفوی، سید الطاف حسین شاہ، شیخ محمد فاروق، حاجی محمد سلیم قادری، سلیم خان، جی ایم ملک، حاجی محمد طفیل، محمد اقبال مصطفوی کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب میں پہلی ایگزیکٹو کونسل کے مرحوم ممبران حاجی جمیل احمد، حاجی شفیع سرفراز، الحاج امیر الدین، مرزا نذیر احمد، حاجی محمد صدیق، حاجی مظفر کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کیلئے بلندئ درجات کی دعا کی۔
شیخ الاسلام نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے کارکنان، وابستگان ذمہ داران، رفقاء اور مصطفوی مشن کے ساتھ دامے درہمے و سخنے شریکِ کار رہنے والے احباب کا شکریہ ادا کیا اور ان کو یومِ تاسیس کی مبارک باد دی۔
شیخ الاسلام نے عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس کے انعقاد پر ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور سمیت جملہ منتظمین کو مُبارکباد دی۔
تقریب سے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظمِ اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ مظہر محمود علوی، صدر ایم ایس ایم چودھری عرفان یوسف، سدرہ کرامت، عارف چودھری اور رانا نفیس حسین قادری نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں راجہ زاہد محمود، نور اللہ صدیقی، محمد جواد حامد، میاں ریحان مقبول، فیصل حسین مشہدی، سدرہ کرامت، اُم حبیبہ اسمٰعیل، انیلہ الیاس ڈوگر، سہیل رضا، حاجی اسحاق، شہزاد رسول چودھری، حافظ غلام فرید، شاھد لطیف، مرکزی قائدین، جملہ شعبہ جات کے سربراہان، سٹاف ممبران، تحریک منہاج القرآن لاہور اور اس کے جملہ فورمز کے ذمہ داران و کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے مرکزی قائدین کے ہمراہ 42ویں یومِ تاسیس کا کیک کاٹا۔
تبصرہ