تحریک منہاج القرآن کی ضروری ہدایات برائے تنظیمات - مشترکہ / ذاتی کاروبار، انویسٹمنٹ، معاہدوں بارے اہم وضاحت

Minhaj ul Quran Official Instructions for tanzeemat

بذریعہ سرکلر ہذا منہاج القرآن انٹرنیشنل، جملہ فورمز اور بیرون ممالک کی جملہ تنظیمات و عہدیداران، رفقاء ا ور وابستگان کو مطلع کیا جاتا ہے کہ:

پاکستان یا بیرون ملک، تحریک کے کسی بھی سطح کے موجودہ و سابقہ عہدیدا ران، رفقاء اور وابستگان، آپس میں کوئی مشترکہ بزنس یا انویسٹمنٹ کرتے ہیں تو یہ خالصتاً ان کا ذاتی بزنس/ کنٹریکٹ ہوگا ا ور اس کے نفع و نقصان اور ہر طرح کے دیگر معاملات کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔ تحریک منہاج القرآن ان کے یا کمپنی کے کسی کنٹریکٹ اور اقوال و افعال یا مستقبل میں پیش آنے والے معاملات کی ہرگز ذمہ دار نہ ہوگی۔ فریقین کو اپنے معاملات / تنازعات کی ثالثی کے لیے مرکزی قیادت سے درخواست کی بھی اجازت نہ ہو گی۔

تجدید و احیائے دین کی عالمگیر تحریک، منہاج القرآن انٹرنیشنل اللہ کے فضل و کرم اور آقائے دو جہاں ﷺ کے قدمین کے طفیل پورے عالم میں فروغ پذیر ہے۔ تعلیمی و فلاحی او ر مختلف النوع دیگر پراجیکٹس کا دائرہ تیزی سے پوری دنیا میں پھیل رہا ہے جو یقیناً بارگاہ الوہیت و مصطفویت ﷺ کی خصوصی عطا ہے۔

دنیا بھر میں تحریک کے تعلیمی، فلاحی و رفاہی، ہمہ جہت منصوبوں کی پلاننگ و منظوری، فاؤنڈیشن سے تعمیروتکمیل، کامیاب آغاز و ترقی، توسیع اور تزئین و آرائش تک کا سارا کام مرکزی سطح پر ایک ’’نظام العمل‘‘ کے تحت کیا جاتا ہے۔ ہر منصوبے کیلئے فنڈز جمع اور خرچ کرنے کا ایک شفاف نظام موجود ہے۔ اس نظام کی خوبصورتی ہے کہ تحریک کے ارفع مقاصد کے حصول کیلئے کل آمدہ وسائل صرف منہاج القرآن کے نام رجسٹرڈ اراضی پر اعلان شدہ منصوبے کے مطابق ہی خرچ کیے جاتے ہیں۔ اندرون اور بیرو ن ملک جس شہر اور ملک میں پراجیکٹ لانچ کیا جاتا ہے مرکزی سطح پر اس کیلئے میڈیا کمپین لانچ ہوتی ہے اور مقامی تنظیمات کو فنڈ ریزنگ کی باقاعدہ اجازت و ہدایات جاری ہوتی ہیں۔

یہاں انتہائی ضروری اطلاع دی جاتی ہے کہ دنیا بھر میں تحریک کے جملہ فورمز کے موجودہ اور سابقہ ہر سطح کے عہدیداران، رفقاء اور وابستگان میں سے کوئی شخص ذاتی حیثیت میں تعلیمی یا فلاحی ادارہ فنڈریزنگ کے ذریعے قائم کرنا چاہے تو یہ قطعاً ایک فرد یا افراد کا پراجیکٹ/ ادارہ ہوگا اس کا تعلق کسی بھی سطح پر منہاج القرآن انٹرنیشنل اور اس کی ذیلی تنظیمات اور فورمز سے ہرگز نہ ہوگا۔ منہاج القرآن کے رفقاء/ وابستگان میں سے کوئی شخص انفراد ی یا اجتماعی سطح پر اس پراجیکٹ کے لئے فنڈز دیتا ہے یا فنڈز دیتے ہیں تو یہ قطعاً ان کا انفراد ی فعل ہوگا۔ کسی کے ذاتی پراجیکٹ کی تشہیر، فنڈریزنگ، اخراجات اور ان کی شفافیت سمیت کسی بھی مرحلے پر کسی بھی معاملے کی کوئی ذمہ داری منہاج القرآن انٹرنیشنل اور اس کی مرکزی یا کسی بھی سطح کی قیادت، رفیق اور وابستہ پر ہرگز نہیں ہوگی۔

مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے واضح ہدایات کے باوجود اگر کو ئی تحریکی بھائی/ بہن اس حوالے سے ابہام محسوس کرے تو بلا تاخیر مرکز سے رابطہ کرکے بروقت راہنمائی لے سکتا ہے۔ اس کا یہ عمل اس کے اور تحریک کے بہترین مفاد میں ہوگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top