تعلیم کا بنیادی مقصد اخلاق و کردار کی تعمیر ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

حصول علم، صبر و تحمل اور ایثار و قربانی چاہتا ہے: چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی
منہاج ایجوکیشن سوسائٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب، اساتذہ و طلبہ کی شرکت
تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فروغ علم و امن کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا

Dr. Hussain's participation in the event organized by Minhaj Education Society

لاہور (25 فروری 2023) ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی، چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ دین اسلام نے حصول علم کو بہترین عمل قرار دیا ہے۔ قرآن کریم نے پڑھنے اور علم حاصل کرنے سے اپنے کلام کا آغاز کیا ہے۔ علم انسان کو سعادت اور کامیابیوں کا راستہ بتاتا ہے۔ دین اسلام نے علم کے حصول کو تمام مسلمانوں پر فرض قرار دیا ہے۔ محسن انسانیت حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ ”جو حصول علم کیلئے کہیں کا سفر کرے اللہ تعالیٰ اس کیلئے جنت کا راستہ آسان فرمائے گا“۔

غار حرا میں حضور نبی اکرم ﷺ پر سب سے پہلے جو پانچ آیتیں نازل ہوئیں وہ حصول علم کے ذرائع پر ہی مشتمل ہیں۔ آج بھی اگر امت مسلمہ حصول علم میں سرگرداں اور کوشاں ہو جائے تو یقینا عروج و اقبال ہمارے نصیب میں آ جائے گا۔ ہم ایک بار پھر دنیا کے امام و قائد ثابت ہوں گے۔ حصول علم، صبر و تحمل اور ایثار و قربانی چاہتا ہے۔ علم حاصل کرنے والوں میں محنت و مشق کے برداشت کرنے کا جذبہ اور اس راہ میں آنے والے مصائب پر صبر کرنے کا حوصلہ ہونا چاہئیے۔ تعلیم کا بنیادی مقصد اخلاق و کردار کی تعمیر ہے۔ علم اور عمل دونوں لازم و ملزوم ہیں۔ علم پر جتنا عمل کیا جائے اس میں اتنی ہی زیادہ خیر و برکت ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 72 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مقررین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فروغ علم و امن، بین المسالک و بین المذاہب رواداری کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کرنل (ر) احمد اور ڈائریکٹر ایم ای ایس ڈاکٹر علی وقار نے استقبالیہ کلمات میں اساتذہ اور طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ عبید اللہ، اشرف بھٹی، فاروق اعوان و دیگر طلبہ نے ملی نغمہ پیش کیا۔ تقریب میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے عہدیداران، ماہرین تعلیم نے بھی شرکت کی۔ ارشاد طاہر، ظہور الٰہی، شبیر دیو اور واجد علی خان سمیت دیگر ماہرین تعلیم نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و فلاحی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔

شعیب طاہر نے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی ورکنگ اور پروجیکٹس کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے آئندہ کے ورکنگ پلانز پر بھی روشنی ڈالی۔ تقریب میں منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر رانا وحید شہزاد، آغوش کمپلیکس کے ڈائریکٹر کرنل (ر) مبشر اقبال، پرنسپل تحفیظ القرآن محمدعباس نقشبندی، علی محی الدین، اکرام غوری، ہارون ثانی، وحید اختر، سیف اللہ بھٹی، خادم طاہر، محمد فیضان و دیگر نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top