فرانس: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا پیرس میں شبِ برأت کے روحانی اجتماع سے خطاب
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے فرانس پیرس میں شب برات کے موقع پر منعقدہ عظیم الشان روحانی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شب برات باطن کی اصلاح اور رجوع الیٰ اللہ کی رات ہے۔ اسلامی تعلیمات اخلاقی و روحانی تربیت کردار سازی اور پر امن معاشرہ کی تشکیل کے گرد گھومتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بندہ خدا کو اپنے دامن میں جھانکنے اور باطن کی اصلاح کے لئے شب برات جیسی مبارک راتیں عطا کی گئی ہیں۔ اللہ رب العزت انسانوں کو دنیا اور آخرت کی زندگی میں کامیاب و کامران دیکھنا چاہتے ہیں۔ اسی لیے حکم دیا گیا ہے کہ کسی بھی معاملے میں حد سے تجاوز نہ کرو، گناہوں سے بچوں، کسی کی حق تلفی نہ کرو، وعدہ خلافی سے بچوں، عزیز و اقارب کا خیال رکھو، بچوں کو علم نافع سے ہمکنار کرو اور سیاسی و سماجی، اقتصادی زندگی جاری رکھتے ہوئے خدمت دین کے لئے بھی وقت نکالو، غرور تکبر کی جگہ عجز و انکساری اختیار کرو اللہ سے معافی مانگنے والے اور عجز و انکساری اختیار کرنے والے بندے اللہ تعالیٰ کو بہت پسند ہیں۔
اجتماع میں تلاوت کلام رحمن کی سعادت قاری نور الحق الازہری نے حاصل کی، جبکہ احمد زمان، فرحان قادری، نوید، دانش بھٹی اور حافظ معظم نے بارگاہِ رسالتِ مآب ﷺ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ نقابت کے فرائض طاھر عباس گورائیہ جنرل سیکریٹری MQI فرانس اور علامہ حسن میر قادری ڈائریکٹر MQI فرانس نے ادا کئے۔ کانفرنس ذائقہ ریسٹورنٹ ویلئر لے بیل، پیرس میں منعقد ہوئی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رہنماؤں راجہ بابر حسین، حسن ارشد، محمد فیصل، راجہ طارق حسین، قاضی محمد دلشاد، محمد راشد، ارشد مہر، ندیم مہر سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات اور عامۃ الناس (مرد و خواتین) نے شرکت کی۔
تبصرہ