علم اور تعلیم و تربیت کو تحریک کا کلچر بنائیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مجلس شوریٰ سے خطاب
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی مرکزی مجلس شوریٰ و مجلس نمائندگان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم اور تعلیم و تربیت کو اپنی تحریک کا کلچر بنائیں، 5 سال میں 25 ہزار مراکز علم قائم کرنے ہیں، رواں سال 5 ہزار مراکزِ علم قائم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا جس معاشرے سے اخلاقی قدریں ختم ہو جائیں وہ زندوں کا معاشرہ نہیں رہتا۔ انسانوں میں انسانیت اور آدمیوں میں آدمیت کی موت واقع ہوگئی ہے۔ ہمارا معاشرہ مُردوں سے بھی بدتر ہوگیا ہے، علم اور تربیت کے کلچر کے بحال ہونے سے اخلاقی قدریں بحال ہوں گی۔ مُردہ معاشرے کے اندر زندگی پیدا کرنے سے بڑا کوئی انقلاب نہیں۔ علم نا صرف ہماری ضرورت ہے بلکہ پورے معاشرے، ملک اور قوم کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد، نائب ناظمین اعلیٰ، ناظمین و سربراہان شعبہ جات و ممبران شوریٰ اور تعلیمی انسٹی ٹیوشنز کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بیرونی ممالک سے تعلق رکھنے والے ممبران نے آن لائن شرکت کی۔
شیخ الاسلام نے مجلس شوریٰ کے اجلاس میں تنطیمات و فورمز کی تنظیمی رپورٹس اور کارکردگی کو بھی سراہا۔ اجلاس کا اختتام دعائے خیر پر ہوا۔
دعا
تبصرہ