سانحہ ماڈل ٹاؤن کا پسِ منظر اور اب تک کی قانونی جدوجہد کا اجمالی جائزہ نذرِ

مورخہ: 17 جون 2023ء

Report Saniha Model Town 2023

سانحہ ماڈل ٹاؤن پاکستان کی تاریخ کا ایک بھیانک سانحہ ہے، جس میں طے شدہ منصوبہ کے تحت نواز، شہباز حکومت نے 17 جون 2014ء کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہائش گاہ پر ایسی ریاستی دہشت گردی کروائی کہ جس کی پاکستان کی سیاسی وسماجی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن اچانک یا حادثاتی طور پر برپا نہیں ہوا تھا بلکہ نواز، شہباز حکومت کی ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔ بیئرز کو ہٹانا تو ایک بہانہ تھا، اصل مقصد حکومت کے ماورائے آئین وقانون طرزحکمرانی کے خلاف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تحریک اور جدوجہد کو روکنا تھا۔

اس سانحہ میں 14 معصوم، نہتے اور بے گناہ لوگوں کو شہید اور 100 سے زائد افراد کو شدید زخمی کیا گیا۔ اس دہشت گردی کے مناظر پوری دنیا نے میڈیا چینلز کے ذریعے براہ راست دیکھے۔ یہ پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں تمام شواہد ریکارڈ پر موجود ہونے کے باوجود اور سانحہ کو 9 سال سے زائد کا عرصہ بیت جانے کے باوجود بھی انصاف کے ادارے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف نہ دلواسکے اور وہ اشرافیہ جس نے ریاستی دہشت گردی کروائی تھی، آج دوبارہ اقتدار پر براجمان ہے۔ اس سانحہ کا پسِ منظر اور اب تک کی قانونی جدوجہد کا اجمالی جائزہ نذرِ قارئین ہے:

پسِ منظر

2010ء میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان اور دنیا کے دیگر علاقوں میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ایک عالمی اہمیت کا فتویٰ جاری کیا جو کہ 600 صفحات پر مشتمل ہے اور دہشت گردی اور فتنہ خوارج کے نام سے شائع ہوچکا ہے۔ اس فتویٰ کو پوری دنیا میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی۔ پاکستان اور دنیا بھر میں دہشت گرد مشتعل ہو کر بوکھلا اُٹھے اور شیخ الاسلام کے جانی دشمن بن گئے۔ پاکستان اور دنیا بھر کے دہشت گروں نے شیخ الاسلام کو جان سے مار دینے کی دھمکیاں دینا شروع کردیں جس پر پاکستان کی مختلف ایجنسیوں نے شیخ الاسلام کو ان دہشت گردوں کے مذموم عزائم کے بارے میں تحریری طور پر آگاہ بھی کیا۔

چنانچہ عدالت عالیہ لاہور کے حکم سے پولیس نے خود اس وقت کے SP ماڈل ٹاؤن ایاز سلیم کی موجودگی و نگرانی میں بیئریئرز لگوائے اور رٹ پٹیشن 22367/2010کی سماعت کے دوران عدالت عالیہ کے حکم سے مورخہ 20/01/2011 کو ایاز سلیم سابق SP ماڈل ٹاؤن لاہور عدالت عالیہ میں حاضر ہوئے اور اپنا بیان قلمبند کروایا، جس میں عدالت عالیہ کو تحریری یقین دہانی کروائی کہ انہوں نے ادارہ منہاج القرآن اور گردونواح کے مکینوں کی سیکیورٹی کے لئے 16 پولیس اہلکاران کو 24 گھنٹے متعین کردیا ہے اور متعلقہ سڑکوں پر جرسی بیرئیرز (Jersey Barriers) رکھوا دیے ہیں۔

2010ء سے 2014ء یعنی چار سال تک یہ بیریئر لگے رہے۔ اس دوران میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن، عوام کے حقوق کی بازیابی اور قانون وآئین کی بالادستی کے لیے پاکستان آکر حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا تو حکومت بوکھلا اُٹھی اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی اور اس تحریک کو کچلنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی۔

چنانچہ اس منصوبہ بندی کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مورخہ 16 جون 2014ء کو رانا ثناءاللہ وزیر قانون کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ فیصلہ کیا گیا کہ ادارہ منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کی رہائش گاہ کے اردگرد لگے بیریئرز کو ہٹانے کے بہانے دھاوا بولا جائے گا اور جو بھی شخص اس میں رکاوٹ بنے گا، اُسے ختم کردیا جائے۔

17 جون 2014ء

اس بھیانک کھیل کو عملی جامہ پہنانے کے لیے 17 جون 2014ء کو رات گئے گورنمنٹ نے طے شدہ منصوبہ کے تحت منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے معصوم نہتے اور بے گناہ کارکنان کے خون سے ہولی کھیلی۔ اس دہشت گردی کے مناظر موقع پر موجود لوگوں کے علاوہ پوری دنیا نے میڈیا چینلز پر براہ راست دیکھے جس میں 14افراد شہید ہوئے جن میں 2 خواتین بھی شامل تھیں اور 100 سے زائد افراد کو سیدھی گولیاں ماری گئیں اور ظلم وریاستی دہشت گردی کی ایک نئی تاریخ رقم کی گئی۔

سانحہ کی انکوائری کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ

وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے اُسی دن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی انکوائری کے لیے جوڈیشل کمیشن بنا رہا ہوں، میں یہ وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک یہ کمیشن دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی نہ کردے، میں چین سے نہیں بیٹھوں گا اور اس المناک واقعہ کی تحقیقات کی شکل میں جو بھی ذمہ دار ٹھہرائے گئے، ان کو قانون کے مطابق کڑی ترین سزا دی جائے گی۔ عدالتی کمیشن اس لئے بنایا گیا ہے کہ اگر مجھے اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے توایک سیکنڈ سے پہلے میں عوام کی عدالت میں حاضر ہوں گا اور جو بھی اس تحقیقاتی رپورٹ میں مجھے تجویز کیا گیا، میں اس کومن وعن قبول کروں گا۔

وزیراعلیٰ نے ایک خط کے ذریعہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو کمیشن قائم کرنے کی درخواست کی جس پر چیف جسٹس لاہو ر ہائی کورٹ نے مسٹر جسٹس علی باقر نجفی جج لاہور ہائی کورٹ پر مشتمل یک رکنی انکوائری ٹربیونل قائم کیا۔ جسٹس علی باقر نجفی نے تحقیقات کے دوران انکوائری ٹربیونل آرڈیننس 1969کے سیکشن 11 کے تحت گورنمنٹ آف پنجاب سے بذریعہ لیٹر 9/TOI مورخہ 20-06-2014ء کو Additional Power مانگی لیکن گورنمنٹ آف پنجاب نے بذریعہ لیٹر نمبری Jud 11-III 9-53/2014 مورخہ 27-06-2014 یک رکنی انکوائری ٹربیونل کو ایڈیشنل اختیارات دینے سے انکار کر دیا۔ جسٹس علی باقر نجفی کمیشن نے اپنی تحقیقات مکمل کر کے تحقیقاتی رپورٹ حکومت کو ارسال کی۔ جس میں حکومت پنجاب اور پنجاب پولیس کو اس قتل وغارت گری کا ذمہ دار قراردیا گیا۔

پہلی JIT کا قیام اور اس کی جانبداریت

حکومت نے ایک طرف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کی FIR درج کرنے سے انکار کردیا تو دوسری طرف اعترافِ گناہ اور مظلوموں کی اشک شوئی کے اقدامات کرنے کے بجائے پولیس کی مدعیت میں جھوٹی FIR No.510/14 درج کرکے زخمی کارکنان اور مقتولین کے لواحقین کو گرفتار کرکے دنیا کی تاریخ میں ظلم وناانصافی کی نئی مثال قائم کردی۔ حکومت کی اس بدنیتی اور ظالمانہ اقدامات پر اگست 2014ء میں اسلام آباد تک لانگ مارچ کیا گیا اور پھر اکتوبر 2014ء تک 72 دن کا ایک طویل دھرنا دیا گیا۔ اس کے نتیجہ میں بالآخر پاکستان عوامی تحریک ملزمان کے خلاف اپنی FIR کٹوانے میں کامیاب ہوئی۔

بعد ازاں اس سانحہ پر مقدمہ نمبر 510/14 میں JIT تشکیل پائی جس میں دو ایجنسیوں (MI,ISI)کی نمائندگی بھی شامل تھی۔ جس میں دونوں ایجنسیوں (MI,ISI) نے کہا کہ اس FIR کو ختم ہونا چاہیے۔ لیکن اس کے باوجود اس مقدمہ کا چالان انسداد دہشت گردی کورٹ لاہور میں پیش کیا گیا اور جنوری 2015ء سے اب تک PAT کے بے گناہ افراد اس مقدمہ میں پیش ہو رہے ہیں، جس میں 500 سے زائد تاریخیں ہو چکی ہیں۔ MI,ISI کے اس اختلافی نوٹ کی موجودگی میں مقدمہ نمبر510/14 کا چالان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکتا تھا لیکن اس کے باوجود انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں چالان پیش کیاگیا۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ چونکہ بڑا حساس ہے۔ اس میں نواز، شہباز حکومت ملوث ہے۔ پہلی والی JIT کے تمام پولیس افسران حکومت کے زیراثر تھے جس کی وجہ سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شفاف تفتیش نہ ہونے دی گئی۔ اس JIT کی جانبداریت درج ذیل حقائق سے واضح ہوجاتی ہے:

۱۔ اس سانحہ میں کسی بھی زخمی، چشم دید گواہان اور شہداء کے لواحقین کے بیانات بھی قلمبند نہیں کئے گئے۔

۲۔ پولیس نے مقدمہ نمبر 510/14 (پولیس مدعی) میں JIT کے مطابق پولیس نے ریکارڈ میں تبدیلی اور اسلحہ کی درست تفصیلات نہ دی تھیں۔ اس JIT میں دوممبران جن کا تعلق MI اور ISI کے ساتھ تھا، ان کے علاوہ تمام ممبران پولیس افسران تھے۔ JIT نے اس بات کو تسلیم کیا کہ جب پولیس سے آرمز اینڈ ایمونیشن کی تفصیلات مانگی گئی کہ کتنا اسلحہ ایشو کیا گیا۔۔۔؟ کتنا استعمال کیا گیا۔۔۔؟ اور کتنا واپس جمع کروایا گیا۔۔۔؟ تو پولیس نے فہرستیں دینے سے انکار کردیا۔ جبکہ مذکورہ بالا دوممبران (MI,ISI)نے یہاں تک کہہ دیا کہ مقدمہ نمبر 510/14 جو ہے قابل منسوخی ہے۔

۳۔ عبدالروف SI انچارج ایلیٹ فورس کو JIT نے دوران تفتیش متعدد بار طلب کیا۔ دوران تفتیش اس نے تسلیم کیا کہ ایلیٹ فورس کی جانب 469SMG کے اور 59 راونڈ G3 رائفل کے فائر کیے گئے۔ بعد میں اگلی پیشی پر اس نے بتایا کہ ایس پی عبدالرحیم شیرازی نے اسے کہا تھا کہ ریکارڈ تبدیل کردیاجائے۔

۴۔ JIT کی جانب سے CCPO لاہور کو لیٹر نمبری 449/PSSB مورخہ 30/06/14 کو بھیجا گیا جس میں تمام افسران اور جوانوں کی پوسٹنگ اور ٹیلی فون نمبرز، ایشو کردہ ہتھیار اور ان کے سیریل نمبرز اور استعمال ہونے والے ایمونیشن کی تفصیل مطابق روز نامچہ ہائے، ٹیرگیس گنز اور ان کا مصرف اور آپریشن کےدوران کتنے ٹیرگیس شیل استعمال ہوئے، دیگر سامان کوئی بھی جو اس اپریشن کے دوران کم یا ناکارہ ہوا کی تفصیل JIT کو بہم پہنچائی جائے جس کی مکمل تفصیل آج تک نہ پہنچائی گئی ہے۔

۵۔ JIT نے ملزمان سے مل کر ملی بھگت کے ساتھ غیر منصفانہ اور بے بنیاد رپورٹ تیار کروائی تھیں تاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اصل ملزمان سابق وزیراعظم نوازشریف، موجودہ وزیراعظم میاں شہبازشریف، موجودہ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ دیگر وزراء پولیس افسران جو بطورملزمان ایف آئی آر میں نامزد تھے، بددیانتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے JIT نے ان نامزد ملزمان کے خلاف کوئی کاروائی نہ کی بلکہ ان تمام ملزمان کو مقدمہ سےنکال دیا گیا اور پاکستان عوامی تحریک کے 42 کارکنان جن کو مورخہ 17 جون 2014ء کو ہی مقدمہ 510/14 (پولیس مدعی) میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان PAT کارکنان کو اپنے ہی مقدمہ نمبر 696/14 میں ملزم قراردے کر انسداد دہشت گردی عدالت میں چالان پیش کردیاگیا۔ بعدازاں ان 42 کارکنان کی اپنے ہی مقدمہ نمبر 696/14 میں ضمانتیں کروائی گئیں۔

۶۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کا ناحق چالان کرنے پر JIT کی مکمل بددیانتی سامنے آگئی تو استغاثہ دائر کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا، لہٰذا فوری طور پر انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں استغاثہ دائر کر دیا گیا۔ استغاثہ کیس میں 56 زخمی وچشم دید گواہان کے بیانات مکمل ہونے کے بعد مورخہ 7 فروری 2017 کو انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے سا نحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں 241 ملزمان، کانسٹیبل سے لیکر آئی جی پنجاب تک، DCO کیپٹن (ر)عثمان، TMO نشتر ٹاؤن علی عباس بخاری، AC ماڈل ٹاؤن، طارق منظور چانڈیو کو بطور ملزمان طلب کرلیا تھا، لیکن 12 ملزمان میاں نوازشریف، میاں شہبازشریف، رانا ثناءاللہ، ڈاکٹر توقیر شاہ و دیگران جنہوں نے اس سانحہ کی منصوبہ بندی کی تھی، ان کو طلب نہ کیا تھا تو ان 12 ملزمان کی حد تک لاہور ہائی کورٹ میں Criminal Revision دائر کی تھی جو خارج ہو گئیں تھیں، اس حکم کے خلاف سپریم کورٹ میں Crl.P.L.A دائر کی ہوئی ہے جو کہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے۔

۷۔ باقر نجفی کمیشن رپورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن میں قتل وغارت گری کرنے کا ذمہ دار2014ء کی پنجاب حکومت اور پنجاب پولیس کو ٹھہرایا ہوا ہے لیکن باقرنجفی کمیشن رپورٹ کے ساتھ منسلکہ دستاویزات جس میں ملزمان کے بیان حلفی، ٹیلی فون ڈیٹا ریکارڈ، حساس اداروں کی رپورٹس و دیگر دستاویزات شامل ہیں، وہ تمام دستاویزات افسوس صد افسوس کہ سانحہ کے متاثرین کو آج تک فراہم نہ کی گئیں ہیں۔ ان تمام منسلکہ دستاویزات کے حصول کے لئے 2018ء سے لاہور ہائی کورٹ میں رٹ دائر ہوئی ہے جو کہ ابھی تک زیر سماعت ہے جس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

دوسری JIT کا قیام

اِن تمام حقائق کے پیسِ نظر نئی JIT تشکیل دینے کی قانونی ضرورت پیدا ہوئی۔ ٹرائل کورٹ ازخود فوجداری مقدمہ کی سماعت کے دوران شفاف ٹرائل کے لئے بقیہ شہادت برآمدگی، فرانزک اور ڈیجیٹل وغیرہ کے تقاضوں کو پورا نہیں کرسکتی ہے بلکہ صرف اور صرفJIT ہی شفاف ٹرائل کے لئے ان تقاضوں کو پورا کرسکتی ہے۔ اس لئے نئی JIT کی تشکیل شفاف تفتیش کے لیے ضروری تھی۔

اس سانحہ کے منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے اور اصل حقائق کو منظر عام پر لانے کے لیے اور اصل ملزمان تک پہنچنے کے لیے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ازسرنو انویسٹی گیشن ضروری تھی کیونکہ اس پہلی JIT نےجوانویسٹی گیشن کی تھی وہ حقائق کے برعکس، جانبدار اور یکطرفہ کی تھی تا کہ اصل حقائق سامنے نہ آسکیں اور اصل ملزمان کو بچایا جا سکے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش کیلئے اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے لارجربنچ نے مورخہ 5 دسمبر 2018ء کو سپریم کورٹ اسلام آباد میں سماعت کی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی ازسرنو تفتیش کیلئے نئی JIT بنانے کا فیصلہ ہوا اور مورخہ 3 جنوری 2019ء کو پنجاب حکومت نے اے ڈی خواجہ کی سربراہی میں JIT نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

سپریم کورٹ کے فلور پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تفتیش کے لئے تشکیل پانے والی نئی JIT نےمورخہ 14 جنوری 2019ء سے لے کر 20 مارچ 2019ء تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے تمام زخمی افراد، چشم دید گواہان اور شہداء کے لواحقین سے بیانات قلمبند کرلیے تھے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کی طرف سے بھی نئی JIT کے روبروپہلی دفعہ تمام زبانی و دستاویزی ثبوت شہادتوں کی شکل میں پیش کردیے گئے ہیں۔ اسی طرح نئی JIT نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے تمام ملزمان بشمول سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، موجودہ وزیراعظم میاں شہباز شریف اور موجودہ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ، ڈاکٹر توقیر شاہ PSO ٹوسابق وزیراعلیٰ پنجاب، سابق آئی جی مشتاق سکھیرا سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش مکمل کرلی تاکہ معلوم ہو سکے کہ یہ وقوعہ کیوں ہوا ہے۔۔۔؟ اس کے پیچھے کیا سازش کارفرماتھی۔۔۔؟ اس وقوعہ کے پیچھے کو ن کون سے سازشی عناصر موجود ہیں۔۔۔؟ اور یہ سازش کہاں سے چلی۔۔۔؟ اور کس طرح اس سازش پر عملدرآمد ہوا۔۔۔؟

نئی JIT کو کام سے روک دیا گیا

JIT کی اس تفتیش کے نتائج کو دیکھتے ہوئے فوری طورپر کچھ قوتیں متحرک ہوگئیں اور انہوں نے 22 اپریل 2019ء کو لاہور ہائی کورٹ کے ذریعہ JIT کی تشکیل کے نوٹیفکیشن کو معطل کروا لیا اور نئی JIT کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی مزید تفتیش سے روک دیا گیا تاکہ JIT ان تمام ملزمان سابق وزیراعظم نوازشریف، موجودہ وزیراعظم شہبازشریف، موجودہ وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ، سابق PSO ٹو وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر توقیر شاہ و دیگران جنہوں نے اس سانحہ کی منصوبہ بندی کی تھی، ان کو گنہگار ٹھہرا کر انسداد دہشت گردی عدالت میں چالان پیش نہ کردے اور ان منصوبہ سازملزمان اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث افراد کے ٹرائل کا آغاز نہ ہوجائے۔ یہاں تک کہ ایڈووکیٹ جنرل آفس کو بھی اس کیس کی فیکسیشن اور بینچ کی تشکیل کا علم نہ ہو سکا۔ جب ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معلوم ہوا تو وہ فوری طورپر عدالت میں پہنچ گئے اور فل بنچ کے سامنے ساری صورتحال رکھی تو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو لاہور ہائی کورٹ نے توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔

JIT سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود بحال نہ ہوسکی

ہم نے JIT کے نوٹیفکیشن کی معطلی کے خلاف فل بنچ کے فیصلہ کے عبوری حکم کے خلاف سپریم کورٹ اسلام آباد میں CPLAS دائر کی تھیں جس کی سماعت مورخہ 13 فر وری 2022ء کوسابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد خاں کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی جس میں سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ میں نیا بینچ تشکیل دے کر اور ترجیحاً تین ماہ کے اندر فیصلہ کرنے کی ڈائریکشن دی تھی لیکن افسوس صد افسوس کہ سپریم کورٹ کی 3 ماہ کی ڈائریکشن کے باوجود بھی لاہور ہائی کورٹ کا لارجربینچ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سربراہی میں سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بننے والی ایک غیر جانبدار JIT کا فیصلہ نہ کرسکا۔

JIT کی تشکیل کے خلاف حکومت کی طرف لاہور ہائی کورٹ میں جو رٹ دائر ہوئی تھیں جس کی وجہ سے JIT کا نوٹیفکیشن معطل ہے، وہ کیسز 4سال سے زائد عرصہ گزرجانے کے باوجودبھی لاہور ہائی کورٹ کے لارجربینچ کے پاس زیر سماعت ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ میںJIT کیس میں اس وقت تک 56 تاریخ پیشیاں ہو چکی ہیں جبکہ لاہور ہائی کورٹ کا بینچ 5 دفعہ تحلیل ہوچکا ہے۔ دسمبر 2022ء میں دونوں سائیڈ سے Complete Arguments ہو گئے تھے لیکن Complete Argumentsکے باوجوداس JIT کیس کا فیصلہ نہ ہو سکا۔ بعدازاں جسٹس سردار احمد نعیم لاہور ہائی کورٹ سے ریٹائرڈ ہو گئے۔ جسکی وجہ سے نیا بینچ تشکیل دیاگیا اور جسٹس مرزا وقاص رؤف کو اس بینچ میں شامل کیاگیا۔ نئے جج کے آنےکی وجہ سے دوبارہ اس کیس میں آغازسے بحث ہوئی۔ اب دوبارہ اس کیس میں دونوں سائیڈ سے بحث مکمل ہو چکی ہے لیکن فیصلہ کے لئے کوئی تاریخ پیشی مقرر نہ ہے۔ جن کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

یہ امر ذہن میں رہے کہ جب تک کسی مقدمہ کا فیصلہ نہ ہو جائے اس وقت تک دوبارہ تفتیش ہو سکتی ہے اگر عدالت میں مقدمہ کا چالان اور فرد جرم بھی عائد ہو جائے تو بھی دوبارہ تفتیش سے روکا نہیں جا سکتا ہے۔ کوئی بھی قانون دوبارہ تفتیش سے نہیں روکتا۔ شفاف ٹرائل کے لئے شفاف تفتیش کا ہونا ضروری ہے۔ سیکشن 19 انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت ایک سے زائد JIT بنانے میں کوئی قانونی قدغن موجود نہیں ہے بلکہ گورنمنٹ کے پاس اختیار ہے کہ مقدمہ اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف تفتیش کے لئے دوسری، تیسری، چوتھی JIT بھی بنائی جاسکتی ہے۔ کراچی 12 مئی واقعہ مقدمہ میں بھی ایک لمبا عرصہ گزرنے کے باوجود سندھ ہائی کورٹ نے نئی JIT بنانے کا ازخود حکم دیا کیونکہ اس وقت کے حالات ایسے تھے کہ اس وقت شفاف تفتیش نہ ہو سکی تھی۔ اس واقعہ میں اس وقت کے بااثر افراد کے ملوث ہونے کی اطلاعات تھیں، اس وجہ سے شفاف تفتیش نہیں ہوئی تھی۔

JIT کی بحالی سانحہ ماڈل ٹاؤن کےانصاف کے لئے اشد ضروری ہے۔ کیونکہ اصل ملزمان نوازشریف، شہبازشریف، رانا ثناءاللہ، ڈاکٹر توقیرشاہ اور دیگر ملزمان جنہوں نے اس سانحہ کی منصوبہ بندی کی تھی ان کو استغاثہ کیس میں ناکافی شہادت کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی عدالت اور لاہور ہائی کورٹ نے بحیثیت ملزم طلب نہیں کیا تھا۔ کیونکہ استغاثہ کی دائرگی کے وقت جو شہادتیں اس وقت دستیاب تھیں، وہ استغاثہ کیس میں دے دی گئیں تھیں لیکن کچھ ایسی شہادتیں جن میں ان کا براہ راست ملوث ہونا پایا جاتا ہے، وہ تمام کی تمام شہادتیں نواز، شہباز حکومت جانے کے بعد اور جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ آنے کے بعد میسرآئی تھیں۔ وہ تمام کی تمام شہادتیں نئی JIT کو فراہم کردی تھیں۔ اس سے پہلے جتنی بھی انوسٹی گیشن ہوئی تھی، وہ حقائق کے برعکس، جانبدار اور یکطرفہ ہوئی تھیں۔ پہلی والی JIT نے جتنی بھی انوسٹی گیشن کی تھی، وہ صرف اور صرف ملزمان کو بچانے اور اصل حقائق کو چھپانے کےلئے کی تھیں تاکہ اصل حقائق منظر عام پر نہ آسکیں۔

مرکزی ملزمان کی بریت کے مذموم اقدامات

آئی جی مشتاق احمد سکھیرا نے ہائی کورٹ میں اپنی طلبی کو چیلنج کیا تھا، لاہور ہائی کورٹ نے یہ درخواست خارج کردی تھی۔ جس کی وجہ سے آئی جی مشتاق احمد سکھیرا انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں بطور ملزم پیش ہوگیا اور تمام ملزمان پر مورخہ 15 اکتوبر 2018ء کو دوبارہ فرد جرم عائد ہوئی۔ جس کی وجہ سے استغاثہ کیس میں جتنابھی ٹرائل ہوا تھا وہ DENOVO ہوگیا۔ ٹرائل DENOVO ہونے کے بعد مستغیث کا بیان انسداد دہشت گردی عدالت میں دوبارہ قلمبند ہوا ہے اور ملزمان کے وکلاء نے مستغیث پر دوبارہ جرح کرنی ہے لیکن جرح کرنے سے پہلے ملزمان کے وکیل نے سیکشن 23 انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت درخواست گزاری ہے کہ ان مقدمات میں 7ATA کا اطلاق نہیں ہوتا ہے۔ اس لئے ان مقدمات میں 7ATA کو ختم کرکے ان کیسز کو سیشن کورٹ میں ٹرائل کے لئے بھیج دیاجائے۔

گزشتہ سال سابق DCO کیپٹن (ر)عثمان کے وکیل نے انسداد دہشت گردی عدالت میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265/K کے تحت کیپٹن (ر)عثمان کی بریت کے لئے درخواست گزاری کہ کیپٹن (ر) عثمان، کے خلاف مقدمہ نہیں بنتا ہے، اس لئے اس کو اس مقدمہ سے بری کر دیا جائے۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور III نے کیپٹن (ر) عثمان کی اس بریت کی درخواست کو مورخہ 8-4-22 کو منظور کرتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس میں بری کر دیا تھا۔ جس وجہ سے کیپٹن (ر) عثمان کی بریت کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔ جو کہ لاہور ہائی کورٹ کے ڈویثرن بنچ کے پاس زیرسماعت ہے۔

اب مورخہ 10-05-2023 کو انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی ملزمان سابق آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا، سابق ڈی آئی جی آپریشن رانا عبدالجبار، سابق ایس پی ماڈل ٹاؤن طارق عزیز، سابق TMO نشتر ٹاؤن لاہور علی عباس بخاری کو بھی استغاثہ کیس میں 265-Kکے تحت بری کردیا ہے۔ اب ان ملزمان کی بریت کے خلاف بھی لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔

اِن پولیس افسران کی بریت سے یہ امر متحقق ہوگیا ہے کہ انصاف کا نظام ظلم کا نظام بن چکا ہے۔ ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کیس کے فیصلے سے انصاف ملنا ہے مگر افسوس جے آئی ٹی کا کیس 3 سال سے سٹے آرڈر پر ہے۔ 3 سال سے بنچ بن رہے ہیں اور ٹوٹ رہے ہیں مگر انصاف نہیں ہورہا۔ اب ایک منصوبہ بندی کے تحت ملزموں نے ٹرائل کورٹ میں بریت کی درخواستیں دینا شروع کر دی ہیں اور شہداء کے وکلاء کو ان درخواستوں پر بحث کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے کہ ہم مرکزی کیس کو نظر انداز کر کے ملزموں کی ان اپیلوں کو نمٹائے جانے کے عمل کا حصہ بنیں۔ اگر ملزمان ٹرائل کورٹ سے بریت کے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو پھر اگر جے آئی ٹی کو کام کرنے کی اجازت مل بھی گئی تو انصاف نہیں ہو سکے گا کیونکہ قانون کے مطابق ایک کیس میں کسی پر دو بار مقدمہ نہیں چل سکتا۔ لگتا ہے یہ محض اتفاق نہیں ہے بلکہ ایک پلاننگ کے ساتھ شہداء کے ورثاء کے ساتھ قانونی کھیل کھیلا جارہا ہے۔

اب تو ملزموں کے حق میں قانونی راستے ہموار ہوتے ہوئے صاف دکھائی دے رہے ہیں۔ ہم پرامن لوگ ہیں۔ ہم بڑی امید کے ساتھ عدالتوں میں قانون کے مطابق انصاف کے لئے قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں مگر انصاف کا خون ہورہا ہے۔ ہماری چیف جسٹس سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کی ان ہدایات پر عملدرآمد کروائیں جن میں سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق جے آئی ٹی سمیت زیر التواء اپیلوں کو فوری نمٹائے جانے کا حکم دیا گیا تھا۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حصولِ انصاف کی جدوجہد کو 9سال کا عرصہ گزرجانے کے باوجود قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری کی ذاتی دلچسپی اور راہنمائی میں سانحہ کے متاثرین اور شہداء کے لواحقین انسداد دہشت گردی عدالت سے لے کر سپریم کورٹ تک مسلسل قانونی چارہ جوئی پوری طاقت، عزم، استقامت کے ساتھ کررہے ہیں۔ ان شاءاللہ تعالیٰ یہ جدوجہد اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین اورشہداء کے لواحقین کو انصاف نہیں مل جاتا اور اس سانحہ میں ملوث عناصر اپنے عبرت ناک انجام سے دوچارنہیں ہو جاتے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top