اسلام میں تشدد و انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

مورخہ: 18 اگست 2023ء

نماز پنجگانہ کی ادائیگی ذہنی تناؤ کا علاج بھی ہے: جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

لاہور (18 اگست 2023ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر و منہاج یونیورسٹی لاہور کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں تشدد و انتہا پسندی، تہمت، الزام تراشی اور فساد فی الارض کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ قرآن اور سنت کا راستہ ہی امن، صبر و تحمل اور تقویٰ کا راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نماز پنجگانہ کی ادائیگی جہاں فرض ہے وہاں یہ عبادت ہر قسم کے ذہنی و اعصابی تناؤ کو کم کرنے کا علاج بھی ہے۔ اللہ رب العزت اور پیغمبر حق حضور نبی اکرم ﷺ نے رزق اور زندگی میں برکت کے ساتھ ساتھ ہر قسم کے دکھوں سے نجات کے لئے نماز کی شکل میں اُمت کو ایک ایسا وظیفہ اور تحفہ عطا کیا ہے جو بھی اس پر عمل کرے گا اس پر خیر و برکات کے دروازے کھل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت کا فرمان ہے کہ دکھ اور آزمائش کی گھڑی میں نماز اور صبر سے مدد لو، نماز اور صبر کو اللہ نے ہمارے لیے مدد کا وسیلہ بنایا ہے اور اللہ سے بڑھ کر سچا اور پختہ عہد اور کس کا ہو سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ بالخصوص نوجوان نماز پنجگانہ کی ادائیگی کو یقینی بنائیں، نماز برائیوں کے خلاف ایک موثر ڈھال، اللہ اور اس کے رسول ؐکی خوشنودی کا سبب ہے۔

انہوں نے جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی معاشروں کے اندر بالخصوص پاکستان میں ایسی عادات در آئی ہیں جن کا اسلام تو کیا انسانیت سے بھی کوئی واسطہ نہیں ہے اور انہی بری عادات کی وجہ سے ہماری سوسائٹی ایک عجیب قسم کی گھٹن، انتشار اور خلفشار کا شکار ہے۔ اسلام نے زندگی کو آسان اور خوشحال بنانے کے لئے اعتدال کا راستہ اختیار کرنے کی تعلیم دی ہے مگر ہم نے اعتدال کا راستہ چھوڑ کر وبال کا راستہ اختیار کر لیا ہے۔ ہم اپنے جمع خرچ میں معتدل نہیں رہے۔ آمدن سے زائد اخراجات کو عادت بنا لیا ہے جس کی وجہ سے قرض لینا پڑتا ہے اور پھر زندگی اجیرن ہو جاتی ہے۔ اسلام نے اس کا حل دیا ہے کہ چادر سے پاؤں باہر مت نکالیں۔ اگر اسلام کے اس زریں اصول کو ہم اپنی زندگیوں میں داخل کر لیں تو مالی مسائل سے نجات مل جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ نے جو رشتے اطمینان و سکون کے لئے بنائے ہیں ہم نے ان کو تمسخر اڑانا شروع کر دیا ہے۔ اس میں سب سے زیادہ تقدیس والا رشتہ میاں بیوی کا ہے، میاں بیوی کا مقدس رشتہ نسلوں کی بقاء کا ضامن اور محافظ ہے۔ ہم اس رشتے کی سوشل میڈیا پر اور عام بول چال میں تضحیک کررہے ہیں۔ بے سروپا لطائف گھڑ کر مذاق اڑاتے ہیں اور اس ٹھٹھہ مذاق میں گھر کا انسٹیٹیوشن برباد ہو کر رہ گیا ہے، ان الائشوں سے خود کو بچائیں اور رشتوں کی قدر کریں۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی پاکیزہ زندگی ہمارے لئے رول ماڈل ہے۔ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ کا مطالعہ معمولات میں شامل کریں تا کہ معلوم ہو کہ پیغمبر اسلام، پیغمبر امن و سلامتی، پیغمبر خیر و برکت، پیغمبر فلاحِ انسانیت حضور نبی اکرم ﷺ کس طرح اپنے شب و روز بسر فرماتے تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top