منہاج القرآن امریکہ کے صدر محمد رضی نیازی (مرحوم) کے ایصال ثواب کیلئے تعزیتی ریفرنس
آخرت اور موت ایک حقیقت ہے سب سے زیادہ اس کی فکر کی جائے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
محمد رضی نیازی (مرحوم) نے اپنی زندگی اللہ اور اس کے رسول ﷺ کیلئے وقف کر رکھی تھی: صدر منہاج القرآن
لاہور (28 اگست 2023) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ کے صدر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دیرنیہ رفیق محمد رضی نیازی کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محمد رضی نیازی آخری سانس تک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے خدمت دین، خدمت انسانیت میں مصروف رہے۔ تحریک منہاج القرآن کے نوجوانوں کے لئے ان کا تنظیمی، تحریکی و دعوتی کردار رول ماڈل ہے۔ محمد رضی نیازی (مرحوم) شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے معتمد ساتھی تھے، ان کی وفات ایک بہت بڑا خلا ہے۔ تحریک سے وابستہ ہر کارکن اور ذمہ دار غمزدہ ہے اور محمدرضی نیازی کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کر رہا ہے۔ محمد رضی نیازی(مرحوم) ایک مدبر اور باہمت شخصیت کے حامل رہنما تھے۔
صدر منہاج القرآن پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے دعا کی اللہ تعالیٰ محمدرضی نیازی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ان کی قبر کو جنت کے باغات میں سے باغ بنائے۔ انہوں نے شرکاء تعزیتی کانفرنس سے کہا کہ آخرت اور موت ایک حقیقت ہے سب سے زیادہ اس کی فکر کی جائے کہ گناہ کی زندگی کو ترک کر دیں اور جو زندگی بچ گئی ہے اسے غنیمت سمجھیں اور ہر لمحہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی خوشنودی کے حصول میں صرف کریں۔ تعزیتی ریفرنس کے آغاز پر ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔
تعزیتی ریفرنس میں نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان، نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، رانا محمد فاروق، نور اللہ صدیقی، جواد حامد، سید محمود الحسن جعفری، رانا نفیس حسین قادری سمیت مرکزی سیکرٹریٹ کے جملہ سٹاف و قائدین نے شرکت کی اور محمد رضی نیازی کی خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
تبصرہ