صحبتِ صالح ایمان کی حفاظت کی ضمانت ہے: علامہ رانا محمد ادریس قادری

تقویٰ اختیار کرنے سے اعمال سنور جاتے ہیں: نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن
جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

صحبتِ صالح ایمان کی حفاظت کی ضمانت ہے: علامہ رانا محمد ادریس قادری

لاہور (13 فروری 2026) نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس قادری نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمان اور عملِ صالح ہی کامیابی کے بنیادی ستون ہیں، تاہم ان کی حفاظت کا اہم راز صحبتِ صالح اختیار کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب انسان تقویٰ کو اختیار کر لیتا ہے تو اس کے اعمال خود بخود سنورنے لگتے ہیں اور اس کی زندگی خیر و برکت سے معمور ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص راہِ حق پر چلنے کا عزم کرتا ہے، شیطان اسے گمراہ کرنے کے لیے مختلف حیلے اختیار کرتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ انسان خود کو اُن لوگوں کی سنگت میں رکھے جو صبح و شام اپنے رب کو پکارتے اور اس کی رضا کے طلبگار رہتے ہیں۔

قرآنِ حکیم کی اس ہدایت کو حرزِ جاں بنانا حقیقی ایمان کی علامت ہے۔ نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج جیسے احکامات میں درحقیقت ہماری ہی فلاح اور کامیابی کا راز پوشیدہ ہے۔

علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کہا کہ اچھی صحبت اسی وقت ثمر آور ہوتی ہے جب بری صحبت سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ جیسے حکیم نسخہ دیتے وقت مکمل احتیاطی تدابیر کی تلقین کرتا ہے، اسی طرح دین کے احکامات پر مکمل اور ہمہ جہت عمل ہی حقیقی روحانی شفا کا ذریعہ بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں انسان کاروباری اور معاشرتی مصروفیات میں الجھا ہوا ہے جبکہ سوشل میڈیا کئی حوالوں سے فتنہ انگیزی کا باعث بن رہا ہے، اس لیے روحانی حفاظت اور صالح ماحول کا انتخاب ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ رمضان کے آخری عشرے میں شہرِ اعتکاف میں شرکت کریں اور اپنے اہلِ خانہ و احباب کو بھی اس بابرکت اجتماع میں شامل ہونے کی دعوت دیں۔

دریں اثناء چیئرمین منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام میں نماز جمعۃ المبارک ادا کی اور اندرونِ ملک و بیرونِ ملک سے آئے وفود، گوشہ نشینان، مرکزی ذمہ داران اور کارکنان سے ملاقات کی۔

نمازِ جمعہ کے بعد پاکستان اور ملتِ اسلامیہ کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top