آپ ﷺ کی سیرت صدق، امانت اور صلہ رحمی کا عملی نمونہ ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 18 مارچ 2026ء

آپﷺ نے ہمیشہ ٹوٹے ہوئے رشتوں کو جوڑا اور انسانیت کو محبت، سچائی اور خیر کی راہ دکھائی
جھوٹ صرف زبان کا نہیں بلکہ آنکھ، کان، سوچ اور نیت کا بھی ہوتا ہے، بانی تحریک منہاج القرآن
’حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ‘ کے موضوع پر منعقدہ آٹھویں اخلاقی و روحانی تربیتی نشست سے خطاب

لاہور (18مارچ 2026) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ’حضور نبی اکرم ؐ کے اخلاقِ کریمانہ‘ کے موضوع پر منعقدہ آٹھویں اخلاقی و روحانی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، صدق، امانت و صلہ رحمی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ صدق، امانت اور صلہ رحمی کا عملی نمونہ ہے۔ آپ ﷺنے ہمیشہ ٹوٹے ہوئے رشتوں کو جوڑا اور انسانیت کو محبت، سچائی اور خیر کی راہ دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ سچائی صرف زبان سے سچ بولنے کا نام نہیں بلکہ انسان کی پوری شخصیت، نیت، فکر، عمل اور کردار کا سچا ہونا صدق کہلاتا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا صادق الحدیث ہونے کا مطلب صرف گفتگو کا سچا ہونا نہیں بلکہ سیرت اور کردار کا سچا ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدق کا تعلق دل سے ہوتا ہے اور جھوٹ کا آغاز بھی دل سے ہی ہوتا ہے۔ انسان جب جھوٹ بولتا ہے تو اس سے پہلے اس کے دل میں ارادہ، تصور، نیت اور خواہش پیدا ہوتی ہے، پھر وہ زبان تک پہنچتی ہے۔ اسی طرح سچائی بھی دل میں پیدا ہو کر نیت، ارادہ اور عمل کے مراحل سے گزرتی ہوئی ظاہر ہوتی ہے۔ اس لیے صدق و کذب کا اصل مرکز انسان کا باطن ہے۔ حدیث پاک میں منافق کی تین بڑی نشانیاں بیان کی گئی ہیں: جب بات کرے تو جھوٹ بولے، جب وعدہ کرے تو وعدہ خلافی کرے اور جب امانت دی جائے تو خیانت کرے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ صرف زبان کا نہیں بلکہ آنکھ، کان، سوچ اور نیت کا بھی جھوٹ ہوتا ہے، امانت اور صدق آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ اگر کوئی شخص مالی امانت، اخلاقی امانت یا منصب کی امانت میں خیانت کرتا ہے تو وہ دراصل جھوٹ اور بددیانتی کا مرتکب ہوتا ہے۔ کسی ادارے یا منصب پر فائز شخص اگر اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھائے، لوگوں کے حقوق ضائع کرے یا وقت اور وسائل کا غلط استعمال کرے تو یہ خیانت ہے اور اس کا انجام جہنم ہے۔

اخلاقی و روحانی تربیتی نشست میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلی منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر غزالہ قادری، محترمہ فضہ حسین قادری، بریگیڈیئر(ر) عمر حیات، جی ایم ملک، علامہ مفتی غلام اصغر صدیقی، شیخ محمد اسلم قادری، بانی رہنماء منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ حاجی عبدالغفور قادری، علماء و مشائخ، قائدین تحریک منہاج القرآن و جملہ فورمز سمیت کثیر تعداد میں عامۃ الناس نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top