قرار داد پاکستان کی حقیقت پر عمل نہ کرکے ہم نے قائد اعظم کی روح کو تکلیف دی : مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ

مورخہ: 25 مارچ 2009ء

حکمران اگر ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دیتے تو پاکستان آج ایشیاء کی قیادت کر رہا ہوتا
طلبہ نظریہ پاکستان اور امن کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنا سکتے ہیں
 مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام سیمینار سے ساجد گوندل، امجد جٹ اور دیگر طلبہ قائدین کا خطاب

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور کے زیراہتمام گزشتہ روز ایک سیمینار بعنوان ’’قرارداد پاکستان کی حقیقی روح اور ہمارا قومی طرز عمل‘‘ سمن آباد میں منعقد ہوا۔ جس میں یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سیکرٹری جنرل ساجد گوندل نے کہا کہ قرارداد پاکستان کا مقصد صرف علیحدہ ریاست حاصل کرنا نہ تھا بلکہ ایک ایسا آزاد اور خود مختار ملک حاصل کرنا تھا جس میں مسلمان اپنے عقائد کے مطابق اندرونی و بیرونی دباؤ سے آزاد ہوکر عمل کرسکیں۔ انصاف اور مساوات کے اصول قائم کیے جائیں اور سب کو بنیادی حقوق ان کی دہلیز پر پہنچائے جائیں لیکن افسوس کہ ہم نے قرارداد پاکستان کی حقیقت کو فراموش کرکے بانی پاکستان قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی روح کو تکلیف دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے حکمران ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دیتے تو پاکستان آج ایشیاء کی قیادت کر رہا ہوتا۔ مرکزی سینئر نائب صد رموومنٹ چوہدری امجد جٹ نے کہا کہ آج کچھ لوگ نوجوانوں کو اسلام کی غلط تشریح کرکے دہشت گردی کی طرف راغب کر رہے ہیں تاکہ اس ملک کے امن کو تباہ کیا جائے۔ طلبہ نظریہ پاکستان اور امن کے خلاف ہونی والی ہر سازش کو ناکام بنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلبہ کی پر امن تنظیم ہے جو طلبہ میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور استحکام پاکستان کے مقاصد کے ساتھ کام کررہی ہے۔ سیمینار سے حافظ محمد رمضان نیازی، چوہدری عظیم الحق اور حافظ مدثر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top